کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مریم نواز کو گرفتار کیا گیا شہبازشریف

ظلم برداشت کر لیں گے لیکن عمران خان کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، شہبازشریف


ویب ڈیسک August 09, 2019
اللہ تعالی کے فضل سے فتح مظلوم کشمیریوں کی ہوگی، شہباز شریف فوٹو: فائل

ISLAMABAD: صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مریم نواز کو گرفتار کیا گیا جب کہ مریم نواز کی گرفتاری کشمیر میں ناکام حکومتی پالیسی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائی حکومت ملک میں 'وَن پارٹی رول' قائم کرنا چاہتی ہے، نئے پاکستان کے معماروں نے اپنے فسطائی اقدامات سے پرانے پاکستان کو بھی شرما دیا ہے، نااہل حکمرانوں کی تحریک انتقام چلانے والوں کو ماضی کی طرح ایک بار پھر مایوسی اور شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نالائق حکومت خود کو عوام کی عدالت سے بچانے کے لئے اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات بنارہی ہے، جمہوریت، قانون اور آزاد میڈیا کی مالا جپنے والوں نے بغل میں چھری رکھی ہوئی ہے تاہم کوئی ریاستی جبر کارکنوں کو اپنی قیادت اور رہنماؤں سے یک جہتی سے نہیں روک سکتا، عمران نیازی نازی سوچ اور فسطائی اقدامات کی علامت بن چکے ہیں۔

بعد ازاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ظلم برداشت کر لیں گے لیکن عمران خان کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، کل نیب مریم نواز اور یوسف کو گرفتار کرنے کوٹ لکھپت جیل گئی، کیا نیب رائیونڈ میں گرفتار نہیں کرسکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، مریم نواز کی گرفتاری کشمیر میں ناکام حکومتی پالیسی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، کشمیر کے مستقبل کا سودا کیا گیا جب کہ معیشت کی خراب صورتحال اور مہنگائی سے توجہ ہٹانے کےلیے حکومت یہ اقدامات کررہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 13 جولائی 2018 کو ایک باپ کے سامنے بیٹی اور بیٹی کے سامنے باپ گرفتار ہوئے جب کہ کل اس کی بدتر تاریخ دوبارہ دوہرائی گئی تاہم قوم جانتی ہے کہ نوازشریف اورمریم نواز پہلی دفعہ گرفتار نہیں ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں