پاکستان ملا عمر کے نائب ملا عبد الغنی برادر کو کل رہا کردے گا
پاکستان میں قید افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر کے نائب ملا عبد الغنی برادر کو کل رہا کر دیا جائے گا،ملا عبدالغنی برادر کو فروری 2010 کو کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملا عبد الغنی برادر کو کل رہا کر دیا جا ئے گا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ملا برادر کو رہا کر کے کس ملک بھیجا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملا برادر کی رہائی کا مقصد افغان مفاہمتی عمل میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک اداریئے میں کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر کی رہائی طالبان کی جانب سے پاک فوج پر ہونے والے حملوں میں نہ صرف کمی لائے گا بلکہ افغانستان میں امن قائم کرنے کے عمل میں بھی مفید ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ افغان طالبان کے رہنما ملا عبدالغنی برادر کو رہا کیا جاسکتا ہےتاہم انہیں افغانستان نہیں بھیجا جائے گا ، اگر ملا برادر افغانستان چلے گئے تومفا ہمتی عمل سبوتاژ ہوجائے گا۔