سابق صدر آصف زرداری کے متنازعہ بیان پر سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع

آصف زرداری نے مہاجر قوم اور قیام پاکستان کے لیے دی گئی لاکھوں جانوں کی قربانیوں کی توہین کی ہے، قرارداد کا متن


ویب ڈیسک August 09, 2019
ریاست کےسابق سربراہ کا بانیان پاکستان سےمتعلق بیان دل آزاری ہے جس پر انہیں معافی مانگی چاہئے، قرارداد کا متن۔ ۔ فوٹو:فائل

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف پی ٹی آئی اور ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قراردادیں جمع کرائی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ہجرت کرکے آنے والوں سے متعلق متنازعہ بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قراردادیں جمع ہوئی ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے مذمتی قرار داد جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے 1947 میں ہجرت کر کے آنے والے پاکستانیوں کی توہین کی، بانیان پاکستان کی لازوال قربانیاں تاریخ کاحصہ ہیں ان کی قربانیوں کو کسی کی تعریف کی ضرورت نہیں، ریاست کے سابق سربراہ کا بانیان پاکستان سے متعلق بیان دل آزاری ہے۔

قرارد داد کے متن میں ہے کہ آصف علی زرداری کا متنازعہ بیان قوم کو تقسیم کرنے کےمترادف اور پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس اور شہدائے کشمیر کی قربانیوں کی اہمیت کو نظرانداز کرنے کی کوشش تھی، انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

آصف زرداری کے بیان کے خلاف دوسری قرارداد ایم کیوایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی وسیم قریشی کی جانب سے جمع کرائی گئی، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نےمہاجر قوم اور قیام پاکستان کے لیے دی گئی لاکھوں جانوں کی قربانیوں کی توہین کی، ان کے بیان سے سندھ میں نسل پرستانہ تعصب کا اظہار ہوتا ہے، آصف علی زرداری اپنے بیان پر مہاجر قوم سے معافی مانگیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں