ماہرہ خان کی فلم ’سپر اسٹار‘ میں شامل عاطف کا گیت ’انجانا‘ ریلیز

فلم ’سپر اسٹار‘ رواں ماہ عید الاضحی پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی


ویب ڈیسک August 09, 2019
فلم ’سپر اسٹار‘ رواں ماہ عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اداکارہ ماہرہ خان کی آنے والی فلم ' سپر اسٹار' میں عاطف اسلم کی آواز میں گایا گیت 'انجانا' ریلیز کردیا گیا۔

ماہرہ خان اور بلال اشرف کی محبت کی داستان پر مبنی فلم 'سپر اسٹار' بہت جلد سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے اور اس حوالے سے دونوں اداکار فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فلم کی تشہیر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی کی جارہی ہے۔


فلم 'سپر اسٹار' کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے تاہم فلم کو مزید چار چاند لگانے کے لیے دیگر گیتوں کے بعد اب عاطف اسلم کی آواز میں گایا ہوا گیت 'انجانا' ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس کی دھن زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان اور سعد سلطان نے ترتیب دی ہے جب کہ گانے کے بول شکیل سہیل نے لکھے ہیں۔



3 منٹ اور 3 سیکنڈ پر مشتمل گانے میں ماہرہ خان اور بلال اشرف کے درمیان ہونے والی محبت کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جسے مختلف جگہوں پر فلمایا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: فلم ''سپر اسٹار'' میں میرا کردار کسی چیلنج سے کم نہیں، بلال اشرف

واضح رہے کہ مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'سپر اسٹار' میں ماہرہ خان اور بلال اشرف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ لیجنڈ اداکار ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان سمیت کئی فنکار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم رواں ماہ عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔