ایکسپو پاکستان سے 1 ارب ڈالرکے آرڈرز ملنے کی امید

61 ملکوں کے ہزار سے زائد خریداروں کی شرکت متوقع، تیاریاں مکمل، صدر مملکت افتتاح کرینگے


Business Reporter September 20, 2013
پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے میں مدد ملے گی، رابعہ جویری آغا، پریس کانفرنس فوٹو: فائل

ایکسپو پاکستان نمائش غیرملکی خریداروں اور کمپنیوں کی شرکت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی، نمائش کے ذریعے ایک ارب ڈالر تک کے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی، نمائش میں 61 ملکوں کے ایک ہزار سے زائد خریدار شرکت کریں گے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سیکریٹری رابعہ جویری آغا نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں غیرملکی خریدار اور تجارتی مندوبین پاکستان کا رخ کررہے ہیں، نمائش کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کے اثرات ختم کرنے اور پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے میں نمایاں مدد ملے گی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایکسپو پاکستان نمائش کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، نمائش میں 61 ملکوں سے ایک ہزار سے زائد غیرملکی خریدار شرکت کررہے ہیں، نمائش کے ذریعے ایک ارب ڈالر تک کے برآمدی آرڈرز کی توقع کی جارہی ہے، تمام انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے، 4روزہ نمائش کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین 25 ستمبر کو گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں کریں گے۔



انھوں نے بتایا کہ نمائش میں 1400سے زائد غیرملکی خریداروں نے شرکت کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے جس میں سے ایک ہزار خریداروں کی شرکت کی تصدیق ہو گئی ہے، نمائش میں روایتی مصنوعات کے ساتھ غیرروایتی مصنوعات بالخصوص گوشت اور گوشت سے تیار شدہ پراڈکٹس، پھل وسبزیوں، دستکاریاں شامل ہیں، خواتین تاجروں اور ہنرمندوں کے لیے 16 اسٹالز رکھے گئے ہیں، اس موقع پر بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے ساتھ کانفرنس اور سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے، گزشتہ نمائش کے دوران 900غیرملکی خریداروں نے شرکت کی اور نمائش سے 50 کروڑ سے زائد کے برآمدی آرڈرز حاصل کیے گئے، اس سال 70کروڑ سے 1ارب ڈالر تک کے آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاپان اور ملائیشیا سمیت فارایسٹ اور خطے کے ممالک نمائش میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، بھارت سے بھی تجارتی وفد کی آمد متوقع ہے، ایکسپوپاکستان میں غیرملکی مینوفیکچررز اور خریدار پاکستانی ٹیکسٹائل، ملبوسات، آلات جراحی، لیدر، کھیلوں کے سامان،انجینئرنگ مصنوعات، زرعی مصنوعات اور پاکستان میں تیار ہونے والی روایتی اشیا میں خصوصی دلچسپی لیں گے۔ نمائش میں امریکا، بھارت، بنگلہ دیش، جاپان، ساؤتھ افریقہ، ساؤتھ کوریا، ملائشیا، افغانستان، یو اے ای، سعودی عرب، آذر بائیجان، ہالینڈ، برازیل، پولینڈ، مصر، مراکش، ہانگ کانگ، بحرین، لیبیا، بنگلہ دیش، چین سمیت 61 ملکوں کے ایک ہزار خریدار اورمینوفیکچررز شریک ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |