ٹیکس چوری میں مدد پر کسٹم اہلکاروں کیخلاف مقدمے کی ہدایت

وی بوک آئی ڈی کے غلط استعمال سے 84 لاکھ کا ریونیو نقصان پہنچانے کا الزام ہے


Ehtisham Mufti September 20, 2013
اہلکار متفرق اشیاکے درآمدی کنسائنمنٹس کی ایگزامینشن کے بغیرکلیئرنس کرا رہے تھے، ذرائع فوٹو: فائل

ISLAMABAD: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے محکمہ کسٹمز کے وی بوک کلیئرنس سسٹم کی ''یوزر آئی ڈی''کے ناجائزاستعمال میں ملوث اسسٹنٹ کلکٹر سمیت دیگر متعلقہ کسٹمزافسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کو ایف بی آر کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹیکس چوری میں درآمد کنندگان کی مدد کرنے اور وی بوک کلیئرنس سسٹم کی ''یوزر آئی ڈی''کے غلط استعمال کا ارتکاب کرنے والے ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ میں تعینات اسسٹنٹ کلکٹر اور دیگر متعلقہ کسٹمز افسران کو شامل تفتیش کرکے ان کے خلاف ایف آئی آردرج کرائے۔



واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میسرایچ اے کریم انٹرنیشنل اور میسر اے ٹو زیڈ ٹوائز کے متفرق اشیا کے 3 کنٹینرز نمبرز TGHU-9159599، KKFU-7507968 اور KKFU-7437243 کی کلیئرنس کے لیے کسٹمز افسران کودی گئی وی بوک کلیئرنس سسٹم کی''آئی ڈی'' کا غلط استعمال کرکے قومی خزانہ کو 84 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل (پی آئی سی ٹی) میں تعینات ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ایف بی آرکراچی کے افسران نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قومی خزانہ کو بھاری مالیت کے نقصان سے بچالیا۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ کسٹمزنے متفرق اشیا کے درآمدی کنسائنمنٹس کی ایگزامینشن کو لازم قرار دیا ہے لیکن متعلقہ اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز و دیگر افسران نے وی بوک کی ''آئی ڈی'' کو غلط استعمال کرکے متفرق اشیا کے درآمدی کنسائنمنٹس کی ایگزامینشن کے بغیر کلیئرنس کرانے میں بھرپور معاونت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں