حصص مارکیٹ میں تیزی برقرار مزید138پوائنٹس کا اضافہ

انڈیکس23595پربند،183کمپنیوں کی قیمتیں،مارکیٹ سرمایہ27.8 ارب روپے بڑھ گیا،ساڑھے27 کروڑحصص کے سودے

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 138.63 پوائنٹس کے اضافے سے 23595.61 ہوگیا۔فوٹو: پی پی آئی/فائل

پی ٹی اے کی جانب سے غیرقانونی انٹرنیشنل ان کمنگ ٹریفک کے روک تھام کے لیے سافٹ ویئرمتعارف کرانے کے فیصلے پرجمعہ کو کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ٹیلی کام سیکٹر میں وسیع پیمانے پر خریداری کے باعث تیزی کا تسلسل قائم رہا۔

جس سے انڈیکس کی23500 کی حد بحال ہو گئی، تیزی کے باعث 53.50 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید27 ارب79 کروڑ53 لاکھ86 ہزار892 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سیمنٹ سیکٹر نے بھی تیزی میں اہم کردار اداکیا ہے تاہم بینکنگ سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب رہا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر67 لاکھ34 ہزار51 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔




جس سے ایک موقع پر52 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے15 لاکھ99 ہزار902 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے23 لاکھ59 لاکھ793 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے27 لاکھ74 ہزار355 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مندی کے اثرات کو زائل کرتے ہوئے مارکیٹ میں تیزی کے تسلسل کو قائم رکھنے میں معاونت کی جس کے نتیجے میںکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 138.63 پوائنٹس کے اضافے سے 23595.61 ہوگیا ۔

جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 116.36 پوائنٹس کے اضافے سے18072.41 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 268.37 پوائنٹس کے اضافے سے 39277.60 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 8.57 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر27 کروڑ 56 لاکھ 72 ہزار630 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 342 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں183 کے بھاؤ میں اضافہ، 141 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story