پاکستان اسٹیل کو بیل آؤٹ کی پہلی قسط 15 ارب روپے جاری

1.5ارب روپے کی پہلی قسط میں سے 80کروڑ روپے کی رقم سے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گی


Business Reporter September 20, 2013
ملازمین کو جون اور جولائی کی تنخواہیں آئندہ ہفتے پیر یا منگل تک ادا کردی جائیں گی. فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل کے لیے منظورہ شدہ بیل آؤٹ پیکیج میں سے 1.5ارب روپے کی رقم جاری کردی ہے۔

پاکستان اسٹیل کے ترجمان کے مطابق 9ستمبر کو منظور ہونے والے 2.9 ارب روپے کے بیل آؤٹ پیکیج میں سے 1.5ارب روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور خام مال کی فراہمی کے لیے ای سی سی نے 9ستمبر کو 2.9ارب روپے کا بیل آؤٹ منظور کیا تھا، پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی 4ماہ سے رکی ہوئی ہے، 1.5ارب روپے کی پہلی قسط میں سے 80کروڑ روپے کی رقم سے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گی جبکہ 70کروڑ روپے خام مال کی درآمد پر خرچ کیے جائیں گے۔



ملازمین کو جون اور جولائی کی تنخواہیں آئندہ ہفتے پیر یا منگل تک ادا کردی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اسٹیل کی پیداوار نومبر تک20فیصد کی سطح پر لانے کا شارٹ ٹرم ہدف حاصل کر لیا جائے گا جس کے لیے کوئلے کی درآمد تیزی سے جاری ہے، پاکستان اسٹیل کے پاس اس وقت 90روز کی ضرورت کے لیے آئرن اوور موجود ہے، 5ہزار ٹن کوئلے کی ایک کھیپ آئندہ ہفتے کے اختتام تک پہنچ جائے گی، مزید 20ہزار ٹن کوئلہ دو کھیپوں میں 10سے 12 روز تک پہنچ جائے گا، مزید 20ہزار ٹن کوئلے کی خریداری کا ٹینڈر کھولا جاچکا ہے۔

جس کے تحت آئندہ ماہ مزید 20ہزار ٹن کوئلہ درآمد کیا جائے گا، یہ ٹینڈر اس وقت اسکروٹنی کے عمل سے گزررہا ہے، اس طرح مجموعی طور پر پاکستان اسٹیل میں خام مال کا بحران کسی حد تک کم ہوگا، پاکستان اسٹیل کو مزید 1.4ارب روپے کی رقم بقرعید سے قبل موصول ہوگی جس سے ملازمین کو اگست اور ستمبر کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اسٹیل نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جولائی تک کے واجبات کی ادائیگی کردی ہے اور اب اگست کے کرنٹ بل کی ادائیگی کی جائے گی جس کے لیے 2ماہ کی مدت موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں