کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش 4 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق

بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا


ویب ڈیسک August 10, 2019
بجلی کا تار گرنے اور کرنٹ لگنے سے قربانی کے 6 جانور بھی ہلاک ہوگئے۔ فوٹو:حامد الرحمن

MULTAN: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ 4 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں ڈیفنس، محمودآباد، پی ای سی ایچ ایس، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، بہادرآباد، ایئرپورٹ، شاہ فیصل کالونی سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

کرنٹ سے چار افراد ہلاک

بارش کے باعث منگھوپیر کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 25 سالہ رئیس نواب کے نام سے ہوئی ہے۔رئیس نواب گھر میں پانی کی موٹر ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

سولجر بازار کے علاقے لال فلیٹ کے قریب پارکنگ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ایک گائے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی تھی اور اس میں کرنٹ موجود تھا۔ 17 سالہ کیف نے مردہ گائے کو ہاتھ لگایا تو خود بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ محمد کیف تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

بچے کے والد نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام کو برباد کردیا، بچہ فجر پڑھ کر کرکٹ کھیلنے گیا تھا، گھر واپس آتے وقت گائے کو ہاتھ لگالیا۔ ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ کسی قسم کی قانونی کارروائی کا کوئی فائدہ نہیں ہماری اولاد چلی گئی اوروں کی اولاد نہ جائے کے الیکٹرک اور حکمران ہوش کے ناخن لیں، ہم کے الیکٹرک کو آدھے گھنٹے تک کال کرتے رہے لیکن کوئی ریسپانس نہیں ملا، کے الیکٹرک منافق ادارہ ہے، اگر آدھے گھنٹے سے پہلے لائٹ بند کردیتے تو شاید جان بچ جاتی۔

پولیس فیملی کوارٹر میں اے ایس آئی جمیل بنگش کی 7 سالہ بیٹی گھر کے باہر کھیل رہی تھی جہاں بہت زیادہ برساتی پانی کھڑا تھا جس میں کمسن بچی صالح ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے داتا نگر گلی نمبر 13 سیکٹر 8-B میں کرنٹ لگنے سے 32 سالہ علی احمد جاں بحق ہوگیا جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے ٹرک اڈے کے قریب کرنٹ لگنے سے 23 سالہ عبدالمنان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔

کرنٹ سے قربانی کے چھ جانور ہلاک

مختلف علاقوں میں بجلی کا تار گرنے اور کرنٹ لگنے سے قربانی کے 6 جانور بھی ہلاک ہوگئے۔ سولجر بازار میں بجلی کا تار گرنے سے 3 اور ملیر آسو گوٹھ میں بھی قربانی کی 3 گائیں ہلاک ہوگئیں۔

باڑے کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی

شہر میں تیز بارش کے دوران بن قاسم ٹاؤن کے علاقے مدنی مسجد کے قریب واقعے باڑے کی دیوارگرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت 45 سالہ امان اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے دیگر 2 افراد عبدالحکیم اور فیروز کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

نشیبی علاقوں میں جمع، نالوں کی صفائی نہ ہوسکی

ابرِ رحمت کراچی والوں کے لیے زحمت بن گئی ہے۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کورنگی اور لانڈھی کی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، انڈسٹریل ایریا کورنگی نالہ اوور فلو کرنے کے باعث پانی سڑکوں پر آگیا۔

بلدیاتی اداروں کے نالوں کی صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جب کہ نکاسی آب کے کام کے لئے بلدیاتی اداروں کا عملہ بھی غائب ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

پانی جمع ہونے سے جگہ جگہ ٹریفک جام

ہفتے کو ہونے والی بارش کے نتیجے میں قیوم آباد، ایف ٹی سی، ملیر، ناظم آباد کی چند سڑکوں جبکہ اولڈ سٹی ایریا کے گنجان آبادیوں کی گلیوں اور ملحقہ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، شہر کی ضلع شرقی کے نشیبی مقامات جبکہ چند گلیوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہوا۔

شہر میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے ہونے والی بارش ، سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی اور گڑھوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں بھی شدید خلل واقع ہوا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

کے الیکٹرک ایک بار پھر بجلی کی فراہمی میں ناکام

کے الیکٹرک ایک بار پھر بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، بارش کے دوران کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے رات گئے تک شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ ملیر، کورنگی، لانڈھی، گرومندر، سرجانی، نارتھ کراچی، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے، جب کہ اولڈ سٹی ایریا، لیاری، محمودآباد، گڈاپ، کیماڑی میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کے الیکٹرک انتظامیہ کی روایتی بے حسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فقدان کا خمیازہ شہریوں کو بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے رات گئے تک شہر کے مختلف علاقے بدستور تاریکی میں ڈوبے رہے

ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو بارش کے موسم میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔

اتوار کو گرد آلود ہوا اور آندھی کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، آج (اتوار) کو گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں جبکہ آندھی بھی چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے نتیجے میں ہفتے کی صبح 8 بجے شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شروع ہونے والی مون سون کی دوسری بارش کے دوران بوندا باندی ہوئی بعدازاں شہر میں درمیانی اور تیز بارشوں کی وجہ سے جل تھل ایک ہوگیا۔

سرجانی میں 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ

لگ بھگ ڈھائی گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 53 ملی میٹر ریکارڈ ہوئیں جبکہ سب سے کم بارش گلش حدید میں 4 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ لانڈھی 42، جناح ٹرمینل 37، پہلوان گوٹھ 31، بیس فیصل 27، یونیورسٹی روڈ اور بیس مسرور28، ناظم آباد20.5، صدر14، کیماڑی13.9 اور نارتھ کراچی میں 14.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

مون سون کے دوسرے سلسلے کے دوران ہفتے کو ہوائیں معتدل رہیں تاہم آئندہ برسنے والے سلسلے کے دوران تیز ہواؤں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ ہفتے کو ہونے والی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمولی کم واقع ہوئی تاہم دوپہر کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں دھوپ نکل آئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تیسرے ویدر الرٹ کے مطابق ویل مارکڈ لو اس وقت جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کے شمال پر موجود ہے، شہر میں پیر کی سہ پہر تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع تھر، میرپورخاص، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد میں بھی پیر کی سہ پہر تک بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ویدرالرٹ کے مطابق کراچی، میرپور خاص، ٹھٹھہ ،بدین اور حیدر آباد میں ہفتہ و اتوار کے درمیان اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ہفتے کو شہر میں زیادہ سے زیادہ پارہ 32ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

محمکمہ موسمیات کے مطابق آج (اتوار) کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 15 ستمبر تک برقرار رہے گا جس کے دوران مون سون کے مزید کئی اسپیل (سلسلے) شہر میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔