امریکا بھارت پر کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالے پاکستانی سفیر

امریکا بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال خراب کرنےسے روکے،اسد مجید خان


ویب ڈیسک August 10, 2019
پاکستان نے ہر صورتحال میں ذمہ دار جوہری ریاست ہونے کا مظاہرہ کیا،اسد مجید خان فوٹوفائل

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ امریکا بھارت پر کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالے اور کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔

امریکا میں پاکستان سفیر اسد مجید خان نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہئیے، امریکا بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر حالیہ اقدام واپس لینے کا کہے اور صورتحال خراب کرنےسے روکے۔

پاکستانی سفیر نے کہا امریکا کو بھارتی اقدام کے خلاف ٹھوس بیان دینا چاہیئے تھا اور کشمیر پر بھارتی جارحیت پر سخت ردعمل آنا چاہئے، بھارتی اقدام سے کشیدگی بڑھ گئی ہے اور صورتحال تشویشناک ہے، امید ہے دوست ملک کشیدگی کم کروانے کے لیے کردار اداکریں گے۔

اسد مجید خان نے کہا مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا موقف اصولی ہے، مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے، بھارت نے اس کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ کوشش کی اور مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، جب کہ پاکستان نے ہر صورتحال میں ذمہ دار جوہری ریاست ہونے کا مظاہرہ کیا، پاکستان خطے کا امن خطرے میں ڈالنے والا کوئی کام نہیں کرے گا، تاہم بھارت نے جارحیت کی تو ہمیں مکمل تیار پائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں