دہشت گردی میںملوث ہمسایہ ملک کووارننگ دیدیرحمن ملک

امپورٹڈجنگ کے پیچھے بہت سے ہاتھ ہیں،بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد : وزیر داخلہ رحمن ملک بین المذاہب کانفرنس کے موقع پر شرکا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

وزیرداخلہ سینیٹراے رحمن ملک نے کہاہے کہ پاکستان ازل تک قائم رہے گا، دہشت گردی میںملوث ہمسایہ ملک کو ایسے اقدامات سے باز رہنے کی وارننگ دے دی ہے ورنہ اسے دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، امپورٹڈ جنگ کے پیچھے بہت سے ہاتھ ہیں، استعمال ہونے والے ہمارے اپنے ہیں، علماء ''ظالمان'' کو راہ راست پرلائیں، پاکستان میں شیعہ سنی کی کوئی لڑائی نہیں، دہشت گردی میں تیسری قوت ملوث ہے،دشمنوںکے ناپاک عزائم پرکڑی نظر ہے۔

بدھ کوبین المذاہب، مسالک امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ علماء کی طرف سے خودکش حملوں کے خلاف فتویٰ آنے کے بعد دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوگئے ہیں،انھوںنے کہاکہ ڈالر اور پیسے لیکر پاکستان پر ایک جنگ مسلط کی گئی ہے۔امپورٹڈجنگ کے پیچھے بہت سے ہاتھ ہیںلیکن کچھ لوگ ہمارے اپنے بھی ہیں جو دہشت گردی کرتے ہیں، وہ ہمارے اپنے ہی لوگ ہیں کوئی باہرسے نہیں آئے، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں بہکایاگیاہے۔


وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان ازل تک قائم رہے گا کوئی اسے ختم نہیں کرسکے گا۔انھوںنے علماء کو بھی دعوت دی کہ وہ آگے بڑھ کر ''ظالمان'' کو راہ راست پر لائیں،وزیرداخلہ اے رحمن ملک نے اس موقع پر ستمبر کے آخری ہفتے میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقادکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اس کانفرنس میں امام کعبہ کے علاوہ الازہر یونیورسٹی اور دنیا بھرسے جید علماء کرام اور مذہبی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انھوںنے کہاکہ پاکستان میںشیعہ سنی کی کوئی لڑائی نہیں بلکہ ایک تیسرا گروپ دہشت گردی کرتاہے، سانحہ بابوسرسے ثابت ہوگیا کہ تیسری قوت اس میںملوث ہے۔

انھوں نے انکشاف کیا کہ دہشت گرد آزادکشمیر میں بھی امن خراب کرنے کی سازش کررہے ہیں 'حکومت دہشت گردی،انتہاء پسندی اور ملک کو عدم استحکام کا شکارکرنے والوں کے خلاف کوششوں میںکوئی کسر اٹھانہیںرکھے گی۔ انھوںنے میڈیا پر زوردیا کہ وہ امن کا پرچارکرے اوردہشت گردوں کی حوصلہ شکنی کرے،وزیر مملکت اکرم مسیح گل نے کہاکہ ہر پاکستانی کودہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف کرداراداکرنا چاہیے،کانفرنس سے قاری حنیف جالندھری، سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالمالک ، بشپ سرفراز پیٹر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story