پہلے100 دنقومی سلامتی مضبوط امن وامان بہتر معیشت بحال

حکومت نے روز اول سے وسیع تر مفاہمت کی پالیسی پر گامزن رہنے کا عزم کیا.

حکومت نے روز اول سے وسیع تر مفاہمت کی پالیسی پر گامزن رہنے کا عزم کیا. فوٹو: فائل

لاہور:
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے ابتدائی100 دن میں قومی سلامتی کے امور،کراچی سمیت ملک میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، اقتصادی بحالی، توانائی بحران کے خاتمہ، عالمی سطح پر پاکستان کا درست تشخص اجاگر کرنے کیلئے خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین، قومی کارپوریشنوں کی حالت زار بہتر بنانے اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے قومی سیاسی قیادت اور فریقین کیساتھ ملکراتفاق رائے سے آگے بڑھنے جیسے امور پر کامیاب پیشرفت کی ہے۔

وزارت اطلاعات کیجانب سے حکومت کے پہلے 100 دن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حکومت نے9 ستمبر 2013ء کوکامیابی سے ملک کی قومی سیاسی قیادت اور دیگر فریقین کو دہشتگردی کے معاملہ پر نہ صرف اعتماد میں لیا بلکہ اس سلسلہ میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی، حکومت نے روز اول سے وسیع تر مفاہمت کی پالیسی پر گامزن رہنے کا عزم کیا جس کے نتیجہ میں صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان میں اپنی حکومتیں قائم کرنے کی بجائے دوسری جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کیا۔


آئین کے مطابق تمام آئینی عہدوں پر اپوزیشن کی مشاورت سے تعیناتیاں کرنیکا فیصلہ کیا۔ حکومت نے کراچی میں بھتہ خوری کے خاتمہ، ٹارگٹ کلنگ روکنے سمیت مجموعی طور پر حالات کی بہتری کیلئے آپریشن کا آغاز کیا۔(ن) لیگ کی حکومت ڈرون حملے رکوانے کیلئے امریکہ سے بات کرنیوالی پہلی حکومت ثابت ہوئی۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے اقتصادی بحالی کیلئے چین کے ساتھ ریلوے ٹریک، انرجی پائپ لائن اور آپٹک کیبل کے ذریعے رابطوں کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام، صنعتی پارکس قائم کرنے اور توانائی کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے متعدد خصوصی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل سے 2013-18ء تک توانائی پالیسی کی منظوری دی۔

وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے ملک میں بجلی کی پیداوار 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچائی گئی' 2200 میگاواٹ نیشنل گرڈ میں مزید شامل کی گئی اور حکومت 2015ء تک ملک میں 2500 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گی۔ 425 سے 525 میگاواٹ کا نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبہ دوبارہ بحال کیا گیا۔ وزیراعظم نے نیلم جہلم منصوبہ کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔ حکومت دیامر بھاشا اور داسو ڈیموں پر فوری کام شروع کرنے کا عزم رکھتی ہے' ان سے بالترتیب 4500 اور 4325 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔
Load Next Story