مقبوضہ کشمیر میں جبر کی نئی داستانیں رقم مسلسل 9 ویں روز بھی کرفیو برقرار

مقبوضہ وادی میں اشیائے خور و نوش، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی شدید قلت

مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل جب کہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بند ہے فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کی جانب سے جبر کی نئی داستانیں رقم کی جارہی ہیں اور وادی میں گزشتہ 9 روز سے کرفیو برقرار ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کے خوف سے مسلسل 9 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل جب کہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بند ہے۔ مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں اشیائے خور و نوش کے علاوہ ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔


گزشتہ روز عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ رہا جس کے باعث کشمیری مسلمانوں کی اکثریت عید کی نماز اور سنت ابراہیمی علیہ السلام کی پیروی سے محروم رہی۔

واضح رہے کہ مودی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت صدارتی حکمنامے کے ذریعے ختم کردی تھی جس کے بعد سے ہی وادی میں کرفیو نافذ ہے۔ تمام تر پابندیوں کے باوجود جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری گھروں سے باہر نکل رہے ہیں اور قابض بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
Load Next Story