آج رات سے ملک کے متعدد شہروں میں شدید بارشوں کا امکان

بارشوں کا آج سے شروع ہونے والا نیا سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک August 13, 2019
بارشوں کا نیا سلسلہ آج ملک میں داخل ہو رہا ہے جو ہفتے کے روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے آج رات سے ملک کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات ایک بار پھر پورے ملک میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، اور کہا ہے کہ آج رات سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ آج ملک میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث آج رات سے خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کو ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد اور کشمیر میں شدید بارشیں ہوں گی، جمعرات اور جمعہ کو میرپور خاص ، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپورمیں منگل سے جمعہ تک بارشیں متوقع ہیں، اور اس دوران سکھر، لاڑکانہ، ژوب، قلات، سبی اور نصیرآباد میں کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں، شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، اسلام آباد اور کشمیر میں سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بھارتی ریاست گجرات اور راجستھان کی جانب سے مون سون بارشوں کا نیا سسٹم سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے باعث بارش کے 2 اسپیل ہوں گے، جس کے نتیجے میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، بارشوں کا نیا سسٹم زیریں سندھ کو زیادہ متاثر کرے گا۔ اس سسٹم کے باعث کراچی میں 15 اگست کی رات سے ہلکی بارش کا امکان ہے اور 16 اگست تک شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں