کراچی بارش سے دو دنوں کے دوران حادثات اور کرنٹ سے 15 افراد ہلاک

حادثات اور واقعات میں ڈیڑھ درجن زخمی ہوگئے


Staff Reporter August 14, 2019
حادثات اور واقعات میں ڈیڑھ درجن زخمی ہوگئے (فوٹو: فائل)

عید الاضحی کے دو دنوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات اور واقعات میں 3 دوستوں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ درجن زخمی ہوگئے۔

اتوار کو شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان شہباز میں بارش کے دوران ایک موٹر سائیکل پر 3 دوست گزر رہے تھے ان کی موٹر سائیکل توازن بگڑنے کے باعث بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 دوست 21 سالہ حمزہ اور 20 سالہ فیضان کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرا نوجوان کرنٹ لگنے سے جھلس گیا۔

کھارادر کے علاقے کامل گلی بڑی امام بارگاہ کے قریب کرنٹ لگنے سے 35 سالہ محمد عمیر ولد محمد الیاس جاں بحق ہوگیا متوفی صرافہ بازارکا رہائشی تھا، پولیس کے مطابق متوفی کی گائے کو کرنٹ لگ گیا تھا اور جب متوفی اپنی گائے کھولنے کے لیے گیا تو خود بھی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

پیر آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن میٹرو سینما کے عقب میں ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے 55 سالہ خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ کی شناخت خانم زوجہ ریاض اختر کے نام سے کرلی گئی، ایس ایچ او پیر آباد امجد کلیار کے مطابق رات گئے خانم خاتون بارش کا پانی گھرسے نکال رہی تھی اسی دوران انھیں کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35 سالہ رحیم ولد عبدالغفور جاں بحق ہوگیا، عیدالاضحیٰ کے پہلے روز سہراب گوٹھ کے علاقے علی گڑھ سوسائٹی کے قریب واقع غریب آباد بلاک ڈی میں واقع مسجد ابو ہریرہ میں نمازعید کے دوران مسجد کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے ملبے تلے دب کر 2 نمازی جاں بحق اور20 کے قریب نمازی زخمی ہوگئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت 80 سالہ خوشحال ولد عبدالعلیم جمالی اور 35 سالہ امیر بخش ولد گل محمد کے نام سے ہوئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او سہراب گوٹھ اعجاز راجپر نے بتایا کہ مسجد ابو ہریرہ میں نماز عید ادا کی جا رہی تھی کہ مسجد کی محراب کے اوپر چھت کا ایک حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا جس کے باعث 2 نمازی جاں بحق اور تقریباً ایک درجن سے زائد نمازی زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ مسجد ابوہریرہ گراؤنڈ پلس ون بنی ہوئی ہے اور مسجد کی چھت پری کاسٹ تھی جو ہفتے اور اتوار کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کمزور ہونے سے مسجد کی چھت پر نمازیوں کا زیادہ بوجھ برداشت نہ کرسکی اور مسجد کا ایک حصہ گرگیا۔

کورنگی صنعتی ایریا میں 22 سالہ عبداللہ گھر میں جنریٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا ، سائٹ کے علاقے سیمنز چورنگی کے قریب 40 سالہ نامعلوم شخص ایک گودام کے عقب میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی دو دن گزر جانے کے باوجود متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔

بلدیہ ٹاون کے علاقے میں 50 سالہ عبدالرحمان ولد شیر محمد گھر کے قریب کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، ٹیپو سلطان کے علاقے شارع فیصل پر قائم امبر اپارٹمنٹ کا چوکیدار 18 سالہ عبدالناصر سرونٹ کوارٹر میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

قصبہ کالونی شاہین ہوٹل کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 18 سالہ محمد فائز ولد بادشاہ خان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی 22 سالہ محمد جان ولد باشادہ خان زخمی ہوگیا۔ کیماڑی بھٹہ ولیج میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر35 سالہ ناصر ولد فضل جاں بحق ہو گیا، پیپری کے علاقے میں دیوار گرنے سے 30 سالہ رشید خان جاں بحق ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |