انگلینڈ کو آسٹریلوی حساب چکتا کرنے کا چیلنج

ایشز سیریز کا دوسرا معرکہ آج لارڈز میں شروع ہوگا، جوفرا آرچر ٹیسٹ ڈیبیو کیلیے تیار


Sports Desk August 14, 2019
ایشز سیریز کا دوسرا معرکہ آج لارڈز میں شروع ہوگا، جوفرا آرچر ٹیسٹ ڈیبیو کیلیے تیار۔ فوٹو:فائل

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ایشز ٹیسٹ بدھ سے لارڈز میں شروع ہوگا جب کہ انگلش ٹیم پراعتماد کینگروز کو سے حساب چکتا کرنے کیلیے بیتاب ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کی بدولت آسٹریلیا کو 5 میچز کی اس سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی پہلے روز محنت کو جیمز اینڈرسن کی انجری نے کافی نقصان پہنچایا جوکہ صرف 4 اوورز کے بعد پنڈلی کی تکلیف کے باعث فیلڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے، دونوں اننگز میں آسٹریلوی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اسٹیون اسمتھ کا بھی اہم کردار رہا، جنھوں نے پہلی باری میں 144 جبکہ دوسری اننگزمیں 142رنزاسکور کیے۔

برمنگھم میں نہ کھیل پانے والے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، لارڈز ویسے بھی حالیہ کچھ عرصے میں ان کیلیے کافی خوش قسمت ثابت ہوا ہے، انھوں نے اس وینیو پر ورلڈ کپ کے 2 میچز کے دوران 9 وکٹیں لیں۔

ادھر انگلینڈ کی جانب سے جوفرآ آرچر کا ٹیسٹ ڈیبیو ہوگا، میزبان سائیڈ فوری طور پر پراعتماد آسٹریلوی ٹیم کو قابو کرنا چاہتی ہے، مزید ایک میچ میں ناکامی سیریزمیں اس کی واپسی کا راستہ دشوار بنادے گی۔

میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا بھی خطرہ موجود ہے، مقابلے کے دوران مختلف مواقعوں پر بارش کی پیشگوئی کی جاچکی ہے، اس دوران درجہ حرارت 14 سے 17 سینٹی گریڈ تک رہے گا، بدھ کو ابر آلود کنڈیشنز اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹاس جیتنے والے کپتان پہلے بولنگ کوترجیح دے سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں