مقبوضہ کشمیر میں عید کے تیسرے روز بھی کرفیو

کشمیری عید قیدیوں کی طرح گزارنے پر مجبور، وادی میں اشیائے خورو نوش اور دواؤں کا اسٹاک بھی ختم

کشمیری عید قیدیوں کی طرح گزارنے پر مجبور ہیں۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں عید کے تیسرے روز بھی کرفیو برقرار ہے جس کے باعث کشمیری عید قیدیوں کی طرح گزارنے پر مجبور ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بدستور جاری ہیں جب کہ جنت نظیر وادی کشمیریوں کے لیے قید خانے میں تبدیل ہوگئی ہے، وادی میں 10 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ کشمیر میں عیدالاضحٰی کے تیسرے روز بھی کشمیری گھروں میں قید ہیں، کرفیو کے باعث سڑکیں سنسان رہیں، مرکزی بازاروں اور شاہراؤں پر بھارتی فورسز کا سخت پہرہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اب اشیائے خورو نوش کا اسٹاک بھی ختم ہوگیا ہے جب کہ مریض دواؤں سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔


دوسری جانب دیواروں پر ''گو انڈیا گو بیک'' اور ''ہم کیا چاہتے آزادی'' کے نعرے لکھے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے، نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ لداخ کے لوگ بھی بھارتی اقدام پر غم و غصے میں ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس تاحال بند ہے جس کی وجہ سے آن لائن اخبارات بھی اپ ڈیٹ نہ کئے جا سکے، 10 روز سے مقبوضہ وادی کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع ہے۔
Load Next Story