وزیراعظم نواز شریف کا نوجوانوں کے لئے20 ارب روپے کی 6 اسکیموں کا اعلان

پی آئی اے ، پاکستان اسٹیل ملز اور ریلوے جسے اداروں پر قوم کے ہر سال 500 ارب روپے ضائع ہوتے ہیں،وزیر اعظم


ویب ڈیسک September 21, 2013
سرکاری نوکریوں کی گنجائش آبادی کے لحاظ سے بہت کم ہو گئی ہے، وزیر اعظم۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

وزیر اعظم نواز شریف نے نوجوانوں کے لئے 6 اسکیموں کا اعلان کردیا ، ان کا کہنا ہے کہ ہر سال قوم کا 500 ارب روپیہ پی آئی اے ، پاکستان اسٹیل اور ریلوے جیسے اندھے کنویں میں ڈال رہے ہیں ، وہ اداروں کے خسارے میں جانے والی رقم نوجوانوں کے لئے وقف کرنا چاہتے ہیں۔

قوم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت وعدوں کی تکمیل کا سفر شروع کرنے جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی معیشت اتنی مضبوط ہوجائے کہ ہمیں غیروں سے کسی قرض کی ضرورت نہ پڑے،اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ وسائل کا رخ اس مقصد کی جانب موڑا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اداروں میں استعداد کار دیکھے بغیر سفارشی بھرتیاں کرکے میرٹ کی دھجیاں بکھیری گئیں، جس کا خمیازہ ہمیں آج بھگتنا پڑا رہا ہے، پی آئی اے ، پاکستان اسٹیل ملز اور ریلوے جسے اداروں پر قوم کے ہر سال 500 ارب روپے ضائع ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری نوکریوں کی گنجائش آبادی کے لحاظ سے بہت کم ہو گئی ہے، وہ اداروں کے خسارے میں جانے والی رقم نوجوانوں کے لئے وقف کرنا چاہتے ہیں،اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ وسائل کارخ مقدس مشن کی جانب موڑاجارہا ہے تاکہ نوجوانوں کے لئے خود انحصاری کے مواقع پیدا کئے جائیں اور وہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں۔ اس سلسلے میں 20 ارب روپے لاگت کے 6 پروگرام شروع کئے جارہے ہیں۔ پہلی اسکیم بلاسود قرضوں کی ہے ،اس کے لئے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں ساڑھے تین ارب روپے رکھے گئے ہیں ان پر کوئی سود نہیں لیا جائے گا،دوسری اسکیم چھوٹے کاروباری قرضے کی ہوگی، جس میں تعلیم یافتہ نوجوان 5لاکھ سے لے کر 20 لاکھ روپے تک کے قرضے حاصل کرسکیں گے، ان میں 50 فیصد قرض خواتین کو دیا جائے گا۔ نوجوان کو اس قرض کے عوض 8فیصد مارک اپ ادا کرنا پڑے گا باقی حکومت ادا کرے گی، اس اسکیم کے لئے5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تیسرا پروگرام یوتھ ٹریننگ اسکیم ہے،جس کے تحت تعلیمی اداروں سے 16سالہ تعلیمی ڈگری کے حامل نوجوانوں کوعملی تربیت دی جائے گی، اس اسکیم سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کو ایک سال کے لئے دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا، اس سے پچاس ہزار گریجویٹ استفادہ کر سکیں گے اور اس کے لئے 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ چوتھی اسکیم کے تحت مڈل پاس بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزی کمانے کے لئے ہنر مند بنایا جائے گا اس سلسلے میں 25 سال تک کے نوجوانوں کو تربیتی اداروں کی فیس اور ماہانہ 5ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ پانچویں اسکیم تحت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایسے باصلاحیت طلبہ کی فیس حکومت ادا کرے گی جو نادار ہوں گے تاکہ مالی مسائل کسی بھی نوجوان کے تعلیمی سفر میں رکاوٹ نہ بنے۔ اس اسکیم کے لئے ایک ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ چھٹی اور آخری اسکیم طلبا میں مفت لیپ ٹاپس کی تقسیم ہے ۔رواں سال ایک لاکھ طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ ان تمام اسکیموں کے خدو خال کی منظوری دے چکی ہے اور ان پر عملدرآمد کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ ان اسکیموں کو مزید موثر، صاف و شفاف اور 100 فیصد میرٹ کے مطابق بنانے کے لئے نوجوان اپنی تجاویز دیں۔ وہ عوام کی جانب سے رہنمائی تک مطمئن نہیں ہوں گے۔ یہ اسکیمیں 23 ستمبر سے شروع کی جارہی ہیں اس کی تمام تر تفصیلات خصوصی ویب سائٹ (www.pmo.gov.pk)پر اپ لوڈ کردی گئیں ہیں۔ ملک کئی سنگین مشکلات سے دوچار ہے ملکی خزانے کا ایک ایک پیسہ ہمارے پاس امانت ہیں۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ملک سے توانائی کا بحران ختم ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں