بھارتی طیارے مار گرانے والے ہیروز کے لئے اعزازات کا اعلان

ونگ کمانڈر نعمان علی خان کو ستارہ جرات اور اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغہ جرات تفویض کیا گیا، آئی ایس پی آر

ونگ کمانڈر نعمان علی خان کو ستارہ جرات اور اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغہ جرات تفویض کیا گیا۔ فوٹو:فائل

پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کو ہر محاذ پر شکست دینے پر صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے تینوں فورسز کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کو ہرمحاذ پر شکست دینے پر صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے تینوں فورسز کو اعزازات سے نوازا گیا۔ ونگ کمانڈر نعمان علی خان کو ستارہ جرات سے نوازا گیا، انہوں نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا مگ 21 گرایا تھا، جب کہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو بھی تمغہ جرات سے نوازا گیا، انہوں نے دوسرا بھارتی جہاز گرایا تھا جس کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر پاکستان کی جانب سے تینوں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو جرات و بہادری پر اعزازات سے نوازا گیا، 23 کو ہلا ل امتیاز ملٹری اور 112 کو ستارہ امتیاز ملٹری کے اعزازات ملے، تینوں مسلح افواج کو تفویض کردہ اعزازات میں 8 ستارہ بسالت اور 88 تمغہ بسالت بھی شامل ہیں، جب کہ تینوں مسلح افواج کو 94 امتیازی اسناد اور 113 چیف آف آرمی اسٹاف تعارفی کارڈز بھی عطا کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ستارہ جرات اور 2 تمغہ جرات پاک فضائیہ کے ہیروز کے حصے میں آئے، قومی ہیرو ونگ کمانڈر محمد نعمان علی خان کو ستارہ جرات سے نوازا گیا ہے، گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات عطا کیا گیا ہے اور اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی کو بھی تمغہ جرات تفویض کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے کرنل شفیق ملک کو اعزازی سند سے نوازا گیا، جب کہ شہداء کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کئے۔

 
Load Next Story