کیا کس کا من بھاتا کھاجا بولی وڈ کے فلمی ستاروں کے پسندیدہ کھانے

کسی کی پسندیدہ خوراک بھی اس کی شخصیت جاننے کا ایک بہتر اور کام یاب ذریعہ ہوتی ہے۔


نرگس ارشد رضا September 21, 2013
بولی وڈ اداکاروں کی پسندیدہ خوراک انکے مداحوں کے لئے ان کی شخصیت کو جاننے میں مدد گار ہو سکتی ہے فوٹو : فائل

BELFAST: کسی بھی شخص کو جانچنے کا ایک طریقہ تو انگریزی محاورے کے مطابق اس کے دوست احباب ہوتے ہیں۔ تاہم کسی کی پسندیدہ خوراک بھی اس کی شخصیت جاننے کا ایک بہتر اور کام یاب ذریعہ ہوتی ہے۔ بولی وڈ کے معروف ستاروں کی پسندیدہ خوراک کیا ہے ؟ یہ بات اگرچہ ان ستاروں کے مداحوں کے لئے معلومات کے طور پر بھی دل چسپ ہوسکتی ہے، تاہم اس سے ان کی شخصیت کو جاننے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

امیتابھ بچن۔۔۔۔۔۔ بھنڈی سبزی :
بگ بی جو ایک مکمل الہ آبادی مزاج رکھتے ہیں، بھنڈی سبزی اور مونگ کی دال کو ہر قسم کی خوراک سے بہتر سمجھتے ہیں ۔ حتیٰ کہ وہ شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بھی ان ہی کھانوں کا اہتمام کرتے ہیں۔

عامر خان ۔۔۔۔۔۔ مغلئی کھانے:
مغل بادشاہوں کے لیے شاہی خانساموں کے تیار کردہ کھانے آج بھی خوش خوراک افراد کی پہلی چوائس ہوتے ہیں اور عامر خان بھی ان لوگوں میں سے ایک ہیں جو مغلئی کھانوں پر جان دیتے ہیں۔ وہ بادشاہی بریانی سے لے کر شاہی روغن جوش تک تمام مغلئی کھانوں کے عاشق ہیں۔

شاہ رخ خان۔۔۔۔۔۔ گرلڈ چکن:
بولی ووڈ میں کنگ خان کے نام سے معروف شاہ رخ تمام انٹرنیشنل فوڈز کے مقابلے میں گرلڈ چکن ہی کو ترجیح دیتے ہیں اور اس کے ایسے شوقین ہیں کہ روزانہ ان کے لنچ میں گرلڈ چکن لازمی شامل ہوتا ہے۔

سلمان خان۔۔۔۔۔بریانی:
شمالی بھارت کے کھانے اپنے مسالوں اور خوشبو کی وجہ سے منفرد تسلیم کیے جاتے ہیں۔ ان کا چٹ پٹا ہونا ایک اضافی خصوصیت ہے اسی لئے اپنے سلو بھائی بریانی پر عاشق ہیں اور وہ بھی کوئی عام بریانی نہیں بلکہ اپنی ممی سلمیٰ کی محبت سے بنائی ہوئی بریانی، ویسے سلمان خان کبابوں کے بھی خاصے دیوانے ہیں۔

ابھیشیک بچن۔۔۔۔۔ راجما چاول:
ابھیشیک بچن نارتھ انڈیا کی ڈش راجما چاول کے ایسے اسیر ہیں کہ ہر جگہ صرف یہ ہی کھاتے نظر آتے ہیں خواہ وہ ان کے گھر کا کچن ہو یا کوئی اعلیٰ ریسٹورینٹ، راجما چاول نہ ہوئے ایشوریہ رائے ہوگئیں۔

سنی دیول۔۔۔۔۔ میتھی پراٹھا:
سنی دیول کی باڈی دیکھ کر یہ تاثر خواہ مخواہ ہی قائم ہوجاتا ہے کہ یہ پنجابی منڈا دودھ، دہی اور گوشت کے بغیر ایک دن بھی نہیں گزارسکتا، جب کہ سنی اپنی خوراک کو نہایت سادہ رکھتے ہیں اور ان کا من پسند کھانا میتھی کا پراٹھا اور لوکی کی سبزی ہے۔

اکشے کمار۔۔۔۔۔۔۔۔ تھائی گرین کری:
تھائی لینڈ میں ایک شیف کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے اداکار کی پسندیدہ ڈش کا اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں ۔ دیسی انڈین چٹ پٹے ذائقوں کے شوقین اکشے کی پسندیدہ خوراک بہت اچھی بنی ہوئی تھائی گرین کری ہے۔

رنبیر کپور۔۔۔۔۔۔ جنگلی مٹن کری:
رنبیر ایک ایسی قدیم ڈش کے عاشق ہیں جو اس دور کی یاد دلاتی ہے جب بادشاہ شکار کھیلنے جاتے تھے اور تازہ شکار وہیں جنگل میں بھونا جاتا تھا، جی ہاں جنگلی مٹن کری اسی دور کی ایک یادگار ہے اور رنبیر کو بہت مرغوب ہے بالخصوص جب وہ ان کی دادی پکاتی ہیں۔

سنجے دت۔۔۔۔۔۔چکن تِکا:
سنجے دت ہمیشہ سے چکن تکا کے شوقین رہے ہیں اور نہ صرف خود بلکہ دوستوں کو بھی اہتمام سے کھلاتے رہے ہیں مگر افسوس کہ اس عظیم اداکار کی یہ خواہش جیل سیل میں شاید پوری نہ ہوسکے، کیوںکہ عدالت نے ان کی گھر کے کھانے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

سونم کپور ۔۔۔۔۔ پاؤ بھاجی:
یہ تو ہر کوئی ہی جانتا ہے کہ سونم کپور چاکلیٹ کھانے کو پوجا جیسا ہی سمجھتی ہے مگر حقیقتاً اسے پاؤ بھاجی کے علاوہ کچھ کھانا پسند نہیں اور وہ اس کا اعتراف اپنے قریبی دوستوں میں برملا کرتی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پنجابی ہونے کے باوجود اسے شورشے للش اور چھولے دال جیسے بنگالی کھانے پسند ہیں۔



بپاشا باسو۔۔۔۔۔ بنگالی کھانے:
بپاشا باسو اپنی روایات اور ثقافت سے بے پناہ لگاؤ رکھنے والی اداکارہ ہے اور بنگال کے پس منظر کو اس نے اپنی زندگی کے کسی بھی شعبہ میں نظر انداز نہیں کیا۔ چاول اور اس کی ہر قسم کی مصنوعات چوںکہ بنگالی کھانوں کا اہم جزو ہوتی ہیں، لہٰذا یہی بپاشا کی پسندیدہ خوراک بھی ہیں۔ اس کے اس طرز عمل میں یقیناً اس کی تربیت و پرورش کا خاصا دخل ہے، کیوںکہ اس کا خاندان ایک روایتی بنگالی گھرانا تصور کیا جاتا ہے۔



کترینہ کیف۔۔۔۔ آئس کریم:
بولی ووڈ ہی نہیں بلکہ کسی بھی ملک کی فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکار اور اداکارائیں میٹھی چیزوں سے گریز کرتے نظر آتے ہیں، تاکہ وزن کو کنٹرول میں رکھ سکیں، مگر کترینہ کیف کم ازکم اس معاملے میں دوسروں سے یکسر منفرد ہے اور وہ میٹھے سے اپنے عشق کا برملا اظہار بھی کرتی ہے۔ آئس کریم خواہ کس قدر بھی نقصان دہ کیوں نہ ہو کترینہ کو اس سے دور رکھنا تقریباً ایک ناممکن سی بات ہے کیوں کہ یہ اس کی پسندیدہ ترین خوراک ہے۔

ریتھک روشن۔۔۔۔۔۔ سموسہ:
انڈین کھانوں میں سموسہ اپنے چٹ پٹے ذائقہ اور خستگی کے سبب بہت مقبول ہے اور یہ ہمارے۔ کرش مارکہ سپر اسٹار ریتھک روشن کی مرغوب ترین غذا بھی ہے اور وہ بھی اس قدر کہ ریتھک ایک وقت میں ایک درجن سموسے با آسانی کھا لیتے ہیں۔



پریانکا چوپڑا۔۔۔۔۔مکئی کی روٹی اور سرسوں کا ساگ:
اپنے ہیجانی رقص کی شہرت رکھنے والی پریانکا کو دیکھ کر یہ تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ وہ کبھی خوش خوراکی کے نزدیک بھی پھٹکتی ہوگی مگر اس کا کیا کریں کہ پریانکا نے خود اعتراف کیا ہے کہ وہ محض خوش خوراک ہی نہیں بلکہ بڑی حد تک پیٹو واقع ہوئی ہے اور روایتی پنجابی کھانے بالخصوص مکئی کی روٹی اور سرسوں کا ساگ اس کی کم زوری ہیں، کیوںکہ انہیں سامنے دیکھ کر وہ خود پر قابو نہیں رکھ پاتی۔ کانٹینینٹل کھانوں میں اسے آل لسنگا بہت پسند ہے۔

شاہد کپور۔۔۔۔۔چائینز :
شاہد نہ صرف اچھا کھانے کے شوقین ہیں بلکہ اچھا پکانا بھی جانتے ہیں، اگرچہ وہ سبزی خور واقع ہوئے ہیں۔ تاہم اچھے چائینز اور اٹالین کھانوں کے شوقین ہیں۔ برسات کے موسم میں سموسے اور بھجیا ان کی من پسند خوراک بن جاتے ہیں۔

دپیکا پاڈیکون۔۔۔۔۔۔۔ اڈلی:
ساؤتھ انڈیا سے تعلق رکھنے والی یہ کاک ٹیل اداکارہ روایتی اڈلی کی شوقین ہے اور سی فوڈ بھی پسند کرتی ہے۔ اس کے مزاج کی طرح اس کے کھانوں کی پسند میں بھی کوئی ربط نہیں ہے۔ دیسی دال سیو سے کانٹینٹل فوڈ تک اس کی گاڑی کہیں بھی رک سکتی ہے۔



انوشکا شرما۔۔۔۔۔۔ چکن بٹر مسالہ:
نہایت دبلی پتلی انوشکا جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ پرندوں کی طرح صرف چگنے پر گزارا کرتی ہو گی اچھی خاصی گوشت خور ہے۔ بالخصوص اپنی ممی کے ہاتھ کا بنا ہوا چکن بٹر مسالا اس کی پسندیدہ ترین ڈش ہے۔

کرینہ کپور۔۔۔۔۔۔ اٹالین فوڈ:
فلم ''تسہان'' کے لیے اپنا وزن تیزی سے کم کرنے پر کرینہ ناقدین کی تنقید کا نشانہ بنی رہیں۔ لیکن یہ بات ایک راز ہی رہی کہ زیادہ تر سلاد اور جوس پر گزارا کرنے والی کرینہ درحقیقت اٹالین فوڈ کی دیوانی ہے، جب کہ اسے اپنے وزن میں نمایاں کمی لانی تھی اس دوران بھی وہ اٹالین پاستا اور پیزا استعمال کرتی رہی، اگرچہ ایسا وہ ہفتہ میں ایک بار ہی کرتی تھی اور وہ اٹالین فوڈ سے دور رہنا ایک سزا سے کم نہیں سمجھتی۔

ارباز خان۔۔۔۔۔۔۔ مٹن پایا:
موٹاپے کی جانب تیزی سے مائل ہوتے ہوئے ارباز ساؤتھ انڈین انداز میں تیار کیا جانے والا مٹن پایا اتنے جوش و جذبہ سے تناول کرتا۔ گویا کوئی قومی خدمت ہو، مٹن پایا کی موجودگی میں وہ کسی اور ڈش کی جانب نگاہ اتھا کر بھی نہیں دیکھتے۔

مادھوری ڈکشٹ۔۔۔۔۔ کریمڈ فش:
مراٹھی اداکارہ مادھوری ڈکشت کا فش فوڈ سے عشق کوئی راز نہیں ۔ وہ اچھی مچھلی پکانے کے ہنر سے بھی بخوبی واقف ہیں بالخصوص کریمڈ فش وہ اپنی مخصوص ترکیب سے تیار کرتی ہیں، جو نہ صرف نہایت لذیذ ہوتی ہے بلکہ اسے بنانا بھی بہت آسان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں