اگست کے ٹیکس وصولی اہداف چیف کمشنر کانفرنس طلب

تمام ایل ٹی یوز، آر ٹی اوز کے چیف کمشنر اپنی اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں گے


Irshad Ansari August 15, 2019
ایف بی آر کی ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن بذریعہ وڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کریں گی

فیڈرل بورڈ آف یونیو(ایف بی آر) نے رواں ماہ(اگست) کیلیے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلیے کل(جمعے کو)چیف کمشنرز کانفرنس طلب کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن وڈیو لنک کے ذریعے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے اگلے روز چیف کمشنرز کانفرنس کی صدارت کریں گی جس میں چیف کمشنرز کو رواں ماہ(اگست) کیلیے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول اور ریونیو جنریشن کے حوالے سے جامع حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔

چیف کمشنرز کانفرنس میں تمام ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کے چیف کمشنر اپنی اپنی کارکردگی بارے بھی آگاہ کریں گے،جن آر ٹی اوز اور چیف کمشنرز کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل نہیں ہوسکے تھے وہ ان اہداف کے حاصل نہ ہونے کی وجوہ سے بھی آگاہ کریں گے اور جن آر ٹی اوز و ایل ٹی یوز کے ریونیو شارٹ فال ہونگے انہیں رواں ماہ(اگست)کے دوران اپنے شارٹ فال کو پورا کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنرز کانفرنس کا بنیادی مقصد عید الاضحی اور چودہ اگست کے موقع پر ملک بھر میں بھرپور اقتصادی سرگرمیوں سے ٹیکس وصولی کو بھی یقینی بنانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ اور چودہ اگست کے موقع پر کھربوں روپے کی غیر معمولی اقتصادی سرگرمیاں ہوئی ہیں جس سے ایف بی آر کو بھاری ریونیو حاصل ہوگا، اس کے علاوہ چیف کمشنرز کانفرنس میں بے نامی داروں کے خلاف کاروائی اور ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے کیے جانے والے اقدام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کیے جانے والے اقدام کے تناظر میں ریونیو پر اثرات پر بھی غور ہوگا اور جہاں کمزوریاں پائی جائیں گی انہیں دورکیا جائے اور انفورسمنٹ کو موثر بنایا جائے گا تاکہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کیے گئے اقدام کے ریونیو پر اثرات واضع ہوسکیں اور رواں ماہ کے دوران اضافی ریونیو ا کٹھا ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں