ڈپلومیسی سوشل میڈیا اور کشمیر کا کمبل

اقوامِ متحدہ اور عالمی ضمیر تو کُجا ہم ٹویٹر، فیس بک حتیٰ کہ ٹک ٹوک پر بھی کشمیر کا مقدمہ ہار چکے ہیں


مسئلہ کشمیر پر قوم بدترین حالات میں بھی بھارت کے خلاف متحد رہی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ڈِس انفارمیشن اور پروپیگنڈا ہمیشہ ہی جنگ کے اہم ہتھیار رہے ہیں۔ ایک صدی پہلے تک پہلی اور دوسری عالمی جنگوں میں اس ہتھیار کو اپنے عوام کو مطمئن رکھنے اور دشمن کے عوام کو جنگ سے دل برداشتہ کرتے ہوئے شکست دینے کےلیے باقاعدہ طور پر استعمال کیا گیا، جبکہ آج کل یہی ڈِس انفارمیشن اور پروپیگنڈا سوشل میڈیا کے دور میں اپنی انتہا کو پہنچا ہوا ہے۔ آج کی جنگیں میدانِ جنگ سے بہت پہلے میرے اور آپ کے لیپ ٹاپ اور موبائل کی اسکرینوں پر لڑی جارہی ہیں۔ اس کو آپ جو بھی نام دینا چاہیں اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا، کیونکہ گوبھی کو گلاب کہہ دینے سے نہ تو گلاب کی مہک پیدا ہوتی ہے اور نہ ہی خوبصورتی۔

یہی وجہ ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ہو یا 27 فروری کا بحران، اُڑی اور پٹھان کوٹ واقعات کے بعد بھارتی مبینہ سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے ہوں یا اس سے بھی پہلے ممبئی حملہ اور بھارتی الزامات۔ کسی بھی ذمے دار اور ذی شعور پاکستانی کی طرح میں نے ہمیشہ حکومتِ وقت کے ساتھ اپنے اختلافات کو ثانوی درجہ پر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور دیگر اداروں کے مؤقف کو نہ صرف فوقیت کے ساتھ سنا، بلکہ اپنی پوری کوشش کی کہ اس کو سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کےلیے جو بھی ہوسکے، وہ کر گزروں۔

عمران خان صاحب کی حکومت کے بارے میں میرے تحفظات کوئی ڈھکے چھپے نہیں ہیں، میرے تمام احباب اور اقارب اس حوالے سے آگاہ ہیں کہ میں کن خطوط پر اس حکومت سے اختلاف رکھتا ہوں۔ ان اختلافات کے باوجود 27 فروری 2019 کو پاکستانی سرزمین پر ہونے والی جارحیت کے خلاف میں وزیرِاعظم پاکستان عمران خان صاحب کے پیچھے کھڑا تھا، کیونکہ ایسے وقت پر اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا ذہنی انتشار اور فکری شکست و ریخت کے سوا دشمن کو کوئی اور پیغام نہیں دیتے۔

موجودہ کشیدگی اور کشمیر کے حالات کے تناظر میں مجھے قوی امید تھی کہ پچھلے تمام ادوار کے برعکس موجودہ حکومت اپنی مضبوط سوشل میڈیا ٹیم کی بدولت اس بار زیادہ بہتر طریقے سے انٹرنیٹ پر پاکستانی مؤقف کو اٹھا سکے گی اور ایک 'تجربہ کار اور فل ٹائم' وزیرِ خارجہ کی موجودگی اور عمران خان صاحب کی 'ڈرائیونگ ڈپلومیسی' کی مدد سے پاکستان اقوامِ عالم میں پہلے کی نسبت زیادہ باوقار طریقے سے اپنا کیس پیش کرنے کے قابل ہوچکا ہوگا۔

مگر درحقیقت ڈپلومیسی کے میدان میں نہ تو عمران خان صاحب کی ڈرائیونگ کام آئی اور نہ ہی مخدوم شاہ محمود قریشی صاحب کا وقت اور تجربہ۔ صورتحال یہ ہے کہ چین، ترکی کے علاوہ کسی ملک نے کھل کر پاکستان کے مؤقف کی تائید نہیں کی، جبکہ ہمارے 'بہت قریبی اور برادر' متحدہ عرب امارات نے سرکاری طور پر بھارتی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کشمیر کو بھارت کا اندورنی معاملہ قرار دے کر ہمارے منہ پہ ایک زناٹے دار تھپڑ رسید کیا ہے۔ اور ٹرمپ صاحب امریکا کے اندرونی معاملات میں کچھ ایسے مصروف ہیں کہ ثالثی کی پیشکش کو فی الحال وقت لگے گا۔

اس وقت پاکستان کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے جارہا ہے تو اس حوالے سے کسی بھی قرارداد کو فرانس کی جانب سے ویٹو کیے جانے کی شنید ہے۔ جی ہاں وہی فرانس جس کے صدر کا مبارکباد کا فون خان صاحب نے سننے سے انکار کردیا تھا۔

اب بات کرتے ہیں سوشل میڈیا پر کشمیر کے کیس اور بھارتی مظالم اٹھانے کی، تو یقین کیجئے دیوار سے سر ٹکرانے کو جی کرتا ہے۔ مریم نواز کی گرفتاری اور اس کے نتیجے میں ہونے والے اپوزیشن کے ردِعمل کے بعد حکومت کی سوشل میڈیا ٹیم ایسے گرِے ہوئے اور ناقابلِ بیان سوشل میڈیا ٹرینڈز چلوا رہی ہے کہ کوئی حد نہیں۔ اوّل تو مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ ایسے وقت میں مریم نواز کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت ہی تھی؟ کیا ہفتہ، دس دن ٹھہر کر یہ کام نہیں ہوسکتا تھا؟ میں پچھلے دس دنوں سے ٹویٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کو دیکھ رہا ہوں۔ یقین کیجئے ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کہ ہم شعوری سطح پر بطور قوم بھیڑ بکریوں کے ریوڑ سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔

حقیقت یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی ضمیر تو کُجا ہم ٹویٹر، فیس بک حتیٰ کہ ٹک ٹوک پر بھی کشمیر کا مقدمہ ہار چکے ہیں۔ اس سوشل میڈیا شکست کی وجہ اور کچھ نہیں، صرف حکومت کی نااہلی، غیرسنجیدگی، کوتاہی اور لاپرواہی والا طرز عمل ہے۔

تلخ سچائی یہ ہے کہ کارگل بحران سے لے کر 27 فروری تک میں نے اس قوم کو بُرے سے بُرے حالات میں بھی بھارت کے خلاف متحد دیکھا، مگر آج نہایت دل شکستگی کے ساتھ مجھے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ بقولِ اقبالؔ:
''حمیت نام ہے جس کا، گئی تیمور کے گھر سے''

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں