ایٹمی بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی کے باوجود لوڈ شیڈنگ برقرار

کے ای ایس سی نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے بجائے بجلی کی پیداوار میں دانستہ کمی کردی ہے


Staff Reporter September 22, 2013
کورنگی، لانڈھی، قائد آباد،ملیر،شاہ فیصل کالونی،گلزار ہجری، گلشن اقبال اور گلستان جوہراوردیگر گنجان آباد علاقے لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہیں فوٹو: فائل

NEW YORK: ایٹمی بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کے باوجود کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہیں کی۔

کے ای ایس سی نے شہر میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ برقرار رکھنے کیلیے بجلی کی پیداوار میں دانستہ کمی کردی ہے، شہری ستمبر کے مہینے میں بھی 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے بغیر گزارنے پر مجبور ہیں، شہریوں نے کے ای ایس سی کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی ملک کے دیگر حصوں میں مقابلے میں بہتر نہیں ہے تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم خوشگوار ہوجانے کے بعد بجلی کی طلب میں نمایاں کمی ہوئی ہے اورذرائع کے مطابق شدید گرمی کے موسم میں جب بجلی کی طلب تقریباً00 27 میگاواٹ پر پہنچ گئی تھی کے ای ایس سی کی انتظامیہ نے بجلی کی چوری زدہ علاقوں کا نام دے کر شہر کے گنجان آباد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک محیط کردیا تھا ، تاہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور بجلی کی طلب00 24 میگاواٹ سے کم رہ گئی ہے ۔

تاہم کے ای ایس سی انتظامیہ نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے بجائے بجلی کی پیداوار میں دانستہ کمی کردی ہے، ذرائع کے مطابق کے ای ایس سی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر کے متوسط اور غریب طبقے کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ برقرار رکھا جائے اور فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار انتہائی محدود کردی جائے، ذرائع کے مطابق کے ای ایس سی انتظامیہ بن قاسم تھرمل پاور اور نجی بجلی گھروں ٹپال اور گل احمد سے پیداواری استعداد کا نصف سے کم حاصل کررہی ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ برقرار رکھا گیا ہے، گذشتہ دنوں کے ای ایس سی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایٹمی بجلی گھر کینپ سے بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا اضافی دورانیہ برقرار ہے۔



تاہم ذرائع کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب سے ایٹمی بجلی گھر سے بھی کے ای ایس سی کو 80 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے، شہریوں نے اس سلسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ کے ای ایس سی کے ذمے داروں کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر یہ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ کراچی میں بجلی کی صورتحال ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں بہتر ہے جوکہ کسی طور پر بھی درست نہیں ہے کراچی کے چند پوش علاقوں کے علاوہ شہر کے بیشتر حصوں میں بدترین لوڈشیڈنگ بلا تعطل جاری رہتی ہے۔

لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، صفورا گوٹھ، گلزار ہجری، گلشن اقبال اور گلستان جوہر جزوی طور پر، نارتھ کراچی، نئی کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، بفرزون، ناظم آباد، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، فرنٹیئر کالونی، لائنز ایریا، ڈیفنس ویو اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں