پیمرا نے بھارتی اداکاروں والے اشتہارات پر پابندی عائد کردی

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے بھارتی اشتہارات پر پابندی عائد کی ہے، پیمرا


ویب ڈیسک August 15, 2019
مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے سبب بھارتی اشتہارات پر پابندی عائد کی گئی ہے،پیمرا (فوٹو: فائل)

پیمرا نے بھارت میں بننے والے اور بھارتی اداکاروں پر مبنی اشتہارات پر پابندی عائد کردی۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اپنے نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر بھارت میں بننے والے اور بھارتی اداکاروں پر مشتمل اشتہارات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ 14 اگست کو کشمیر سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا تاہم اس دوران بھی بھارتی اشتہارات پاکستانی چینلز پر دکھائے جاتے رہے اور یہ عمل حکومتی پالیسی کے برعکس تھا۔



اسی بنا پر پیمرا نے مختلف مصنوعات کے ایسے اشتہارات پر پابندی عائد کردی ہے جو بھارت میں فلمائے گئے یا پھر ان میں بھارتی اداکار اور ماڈل شامل ہوں۔



دریں اثنا دی یونائیٹڈ پروڈیوسر ایسوسی ایشن نے پیمرا کے اس اقدام کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کی روشنی میں پیمرا کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان کے مقامی اشتہارات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں