بولنگ کوچ محمد اکرم کے معاہدے میں ایک ماہ کی توسیع

متحدہ عرب امارات میں آئندہ ماہ ہونے والے مقابلوں کے دوران معین خان ہی بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے

جنوبی افریقہ سے سیریز کیلیے معین خان کو منیجر برقرار رکھنے کا بھی باقاعدہ اعلان۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بولنگ کوچ محمد اکرم کے معاہدے میں ایک ماہ کی توسیع کردی۔

جنوبی افریقہ سے متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہوم سیریز کیلیے معین خان کو منیجر برقرار رکھنے کا بھی باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بولنگ کوچ عاقب جاوید انگلینڈ سے2010میں سیریز کے بعد استعفیٰ دے کر یو اے ای ٹیم کی ساتھ بطور ہیڈ کوچ منسلک ہوگئے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ترین شرائط مقرر کرنے کے بعد اچانک کوچنگ میں کسی بھی قسم کا انٹرنیشنل تجربہ نہ رکھنے والے محمد اکرم کو ذمہ داریاں سونپ دیں، ان کا ایک سالہ معاہدہ دورئہ زمبابوے کے ساتھ ہی مکمل ہوگیا تھا،گذشتہ روز پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ محمد اکرم کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی۔




انھوں نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں نگران سیٹ اپ کے اختیارات محدود کیے جانے کے بعد موجودہ صورتحال میں بورڈ کسی کو ملازمت سے برخواست کرنے یا نئی تقرریوں کا فیصلہ نہیں کرسکتا، روزمرہ امور کے تحت معاملات نمٹاتے ہوئے فی الحال محمد اکرم کو ہی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے بولنگ کوچ برقرار رکھا گیا ہے،اب تک 5 ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور 16ٹوئنٹی 20 میچز کے دوران قومی ٹیم کو سابق فاسٹ بولر کی خدمات حاصل رہی ہیں۔دریں اثناء متحدہ عرب امارات میں آئندہ ماہ ہونے والے مقابلوں کے دوران معین خان ہی بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے، سابق کپتان کی بطور چیف سلیکٹر تقرری ہائی کورٹ کے فیصلے میں کالعدم قرار دیے جانے کے بعد انھیں نوید اکرم چیمہ کا خلا پُر کرنے کیلیے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ عدالتی فیصلے میںاختیارات ملنے کی صورت میں انھیں مستقل چیف سلیکٹر بنانے کا ارادہ نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پہلے ہی ظاہر کرچکے ہیں۔
Load Next Story