پاکستان آئندہ برس ساف ویمن کپ کی میزبانی کرے گا

مینز فٹبال مقابلے2017 میں پاک سرزمین پر ہی ہونگے، فیڈریشن کے اجلاس میں اعلان


Sports Reporter September 22, 2013
پریمیئر لیگ کی ٹاپ ٹیموں کو پی ایف ایف کانگریس کا رکن بننے کا حق مل گیا۔فوٹو:فائل

لاہور: پاکستان آئندہ برس ساف ویمن کپ کی میزبانی کرے گا، مینز فٹبال مقابلے2017 ء میں پاک سرزمین پر ہی ہوں گے۔

پاکستان پریمیئر لیگ کی ٹاپ ٹیموں کو پی ایف ایف کانگریس کا رکن بننے کا حق مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مخدوم فیصل صالح حیات کی زیرسربراہی گذشتہ روز فیفا ہائوس لاہور میں فٹبال فیڈریشن کااجلاس منعقد ہوا، شرکاکو بتایا گیا کہ پاکستان آئندہ برس ساف ویمن کپ کی میزبانی کرے گا، ساف مینز فٹبال مقابلے2017 ء میں پاک سرزمین پر ہوں گے۔ارکان نے ملک بھر میں کھیل کے فروغ اور ٹیموں میں مقابلے کی فضا لانے کیلیے پی ایم ایل کی ٹاپ ٹیموں کو کانگریس میں شامل کرنے کی تجویز دی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں حال ہی میں موریشس میں فیفا میٹنگ کی روشنی میں پی ایف ایف کے آئین میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔



2012ء کے آڈٹ اور 2014ء کے کیلنڈر ایئر کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جائے گا جنھوں نے بحرین کے شاملان کو بغیر کسی معاوضے2 سال کیلیے پاکستانی ٹیم کا کوچ بنایا ہے، اس موقع پر اے ایف سی انڈر16فٹبال چیمپئن شپ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔یاد رہے کہ 25 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان سمیت ایران، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شریک ہوں گی، شرکا نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کی عالمی سطح پر نیک نامی میں اضافہ ہوگا،ارکان نے سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں