اے کرکٹ یووراج اور راہول نے ویسٹ انڈیز کو بے بس کردیا

ٹی20 میچ میں بھارت 93 رنز سے کامیاب، کپتان نے ففٹی بنائی، اسپنر کی5 وکٹیں


Sports Desk September 22, 2013
آندرے رسل کی 4 گیندوں پر اتنی ہی وکٹیں مہمان سائیڈ کے کسی کام نہ آ سکیں۔ فوٹو: فائل

یوراج سنگھ کی دھواں دار بیٹنگ اور راہول شرما کی گھومتی گیندوں نے ویسٹ انڈیز اے ٹیم کو بے بس کردیا۔

کپتان نے ففٹی بنائی، اسپنر نے5پلیئرز کو آئوٹ کیا، اے ٹیموں کے واحد غیرسرکاری ٹی20 مقابلے میں مہمان سائیڈ93 رنز کی شکست کا شکار ہوگئی،آندرے رسل کی4گیندوں پر اتنی ہی وکٹیں کسی کام نہ آ سکیں۔ بنگلور میں بھارت ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، روبن اتھاپا اور انمکت چند نے دھواں دار انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور6.4 اوورز میں اسکور74 تک پہنچا دیا، اتھاپا(35) کو ویرا سیمی پرمول نے آئوٹ کیا،انمکت (47) ایشلے نرسے کا شکار بنے، بعدازاں یوراج سنگھ نے حریف بولرز پر حملوں کا آغاز کردیا۔

اس دوران بابا اپرا جیت 3 رنز بنانے کے بعد نرسے کا دوسرا شکار بنے،کیدار جے دیونے21 گیندوں پر 42 رنز بنا کر کپتان کے ساتھ اسکور کو 18.1 اوورز میں189 تک پہنچایا، اسی لمحے آندرے رسل کی دوسری گیند کو بائونڈری کے باہر بھیجنے کے شوق میں کیدار آئوٹ ہوگئے، اگلی بال پر یوراج نے بھی وہی غلطی دہرائی اور بائونڈری لائن پر پاول کو کیچ دے بیٹھے، رسل نے چوتھی گیند پر اوجھا کو پرمول کی مدد سے آئوٹ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔



ان کی بھوک یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ یوسف پٹھان کو بھی مسلسل چوتھا شکار بنا لیا، نوروال نے آخری اوور میں23 رنز بناتے ہوئے اسکور کو 7 وکٹ پر214تک پہنچا دیا، وہ 18 اور ونے کمار ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے، ٹیم نے 7وکٹ پر 214کا مجموعہ پایا، رسل نے 4 اور نرسے نے2 پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ مشکل ہدف کا تعاقب کرنے کیلیے میدان سنبھالنے والی کیریبیئن سائیڈ کے کپتان کیرن پاول نے دوسرے اوور میں ہتھیار ڈال دیے،ونے کمار کا شکار بننے سے قبل انھوں نے8 رنز بنائے، بونر(18) کو جے دیو نے پویلین بھیجا، اس وقت ٹیم کا اسکور49 تھا،55 پر کرک ایڈورڈ (صفر)کو راہول شرما نے اپنا پہلا نشانہ بنایا،62 پر جوناتھن کارٹر (6 ) یوراج کو وکٹ کا تحفہ دے بیٹھے۔

65 رنز پر اوپنر فلیچر (32) بھی ہمت ہار گئے، انھیں شرما نے بولڈ کیا،آندرے رسل (12)کو یوراج سنگھ نے آئوٹ کیا،115کے اسکور پر ویسٹ انڈیزکی ساتویں وکٹ نرسے کی صورت میں گری، انھیں شرما نے 16 کے انفرادی اسکور پر اتھاپا کی مدد سے آئوٹ کیا، بعدازاں راہول شرما نے تھامس اور بیٹون کا شکار کرتے ہوئے اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں،121 کے مجموعی اسکور پر پرمول کو ونے کمار نے رخصت کر دیا، اسی کے ساتھ اننگز کا اختتام ہو گیا،راہول شرما نے 5 جبکہ یوراج سنگھ اور ونے کمار نے2,2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں