کے آر ایل فٹبال ٹیم ایشین کلب چیمپئن بننے کیلیے بے قرار

اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ میں2 بار کے چیمپئن کرغز کلب ڈورڈوئی اور فلسطینی ہلال القدس کو زیر کرنا ہوگا

اعزاز پانے کیلیے کرغز کلب ڈورڈوئی اور فلسطینی ہلال القدس کا چیلنج درپیش ہو گا۔ فوٹو: فائل

کے آر ایل فٹبال ٹیم ایشین کلب چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے بے قرار ہے۔

اس اعزاز کو پانے کیلیے اسے پیر سے شروع ہونے والے اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ میں2 بار کے چیمپئن کرغز کلب ڈورڈوئی اور فلسطینی ہلال القدس کو زیر کرنا ہوگا، اس صورت میں گروپ بی کی پاکستانی ٹیم فائنل میں گروپ اے میں شامل ترکمانستانی کلب بلکان،منگولین ارچم ایف سی اور نیپال تھری اسٹار میں سے ٹاپ سائیڈ سے ٹکرائے گی۔ کوچ طارق لطفی کا کہنا ہے کہ پلیئرز اعزاز پانے کیلیے بے چین ہیں، امید ہے کہ فتح کے ساتھ قوم کو خوشخبری دیں گے۔ ملائیشیا کے شہر ملاکا میں23 سے29 ستمبر تک شیڈول ایونٹ کے افتتاحی روز گروپ بی سے پاکستانی ٹیم کا مقابلہ ڈورڈوئی اور گروپ اے سے تھری اسٹار کا بلکان ایف سی سے ہوگا۔




25 ستمبر کو گروپ بی سے ڈورڈوئی و فلسطینی ہلال القدس اور گروپ اے سے منگولین ارچم ایف سی و نیپالی تھری اسٹار کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ لیگ میچز کے آخری روز کے آر ایل کی ٹیم ہلال القدس اور گروپ اے سے بلکان اور ارچم مقابل آئیں گے۔ دونوں گروپس کی ٹاپ ٹیموں کے مابین فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ طارق لطفی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے دوسری بار ایشیا میں فٹبال کلب چیمپئن بننے کا موقع پایا اور اس بار اسے اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ پہلی بار ان کی ٹیم دوشنبے میں پریذیڈنٹ کپ کا فائنل رائونڈ کھیل چکی مگر اس میں دونوں گروپ میچ ہار گئی تھی۔

ٹیم منیجر اعجاز بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مقابلہ 2 بار کی چیمپئن اور6 مرتبہ فائنل کھیلنے والے کرغز کلب ڈورڈوئی سے ہے، اگر ہم یہ میچ جیت گئے تو فیصلہ کن معرکے میں رسائی یقینی ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کے آر ایل ٹیم کو قومی کپتان ثمر اسحاق، پاکستان کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فارورڈ کلیم اللہ اورمحمد عادل جیسے ہونہار پلیئرز کی خدمات حاصل ہیں۔ کپتان ثمر اسحاق بھی پاکستان کیلیے تاریخ رقم کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ آئی ہیں کسی کو بھی آسان نہیں سمجھیں گے ۔
Load Next Story