کرکٹر حسن علی نے پری سیزن فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی

حسن علی کا بھارتی لڑکی سامعیہ سے بیس اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔


Muhammad Yousuf Anjum August 16, 2019
حسن علی کا بھارتی لڑکی سامعیہ سے بیس اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔ فوٹو:فائل

کرکٹر حسن علی نے پری سیزن فٹنس ٹیسٹ سے چھٹی مانگ لی کیونکہ ان کا بھارتی لڑکی سامعیہ سے بیس اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔

پی سی بی نے گزشتہ روز پری سیزن کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے جس میں حسن علی کا نام بھی شامل ہے۔ بورڈ نے 19 اور 20 اگست کو فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد 22 اگست سے سابق کپتان مصباح الحق کی نگرانی میں 17 روزہ کیمپ شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حسن علی نے بورڈ سے درخواست کی ہے کہ نکاح کی مصروفیات کی وجہ سے وہ فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے قاصر ہیں، تاہم انہوں نے بورڈ حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دبئی سے واپسی پر وہ فٹنس دینے کے ساتھ کیمپ بھی جوائن کرلیں گے۔

پروگرام کےمطابق حسن علی اور ان کے گھر والے 20 اگست کو دبئی پہنچیں گے اور اسی روز نکاح کی تقریب ہوگی، جس میں دونوں گھرانوں کے تقریبا 25 افراد کو مدعو کیاگیاہے۔

قومی کرکٹر شاداب خان کی بھی اس تقریب میں شرکت متوقع ہے، بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے مصروفیات کی وجہ سے نکاح کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

حسن علی اور ان کے اہل خانہ کی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے، نکاح کے بعد باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں