ایٹمی حملے میں پہل کرسکتے ہیں بھارتی وزیر دفاع

ایٹمی ہتھیاروں میں پہل نہ کرنے کی پالیسی تبدیل بھی ہوسکتی ہے، بھارتی وزیر دفاع

بھارتی وزیر دفاع نے ایٹمی ہتھیاروں کو پہلی ترجیح کے طور پر استعمال نہ کرنے کی پالیسی سے انحراف کی دھمکی دی۔ فوٹو : فائل

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دبے لفظوں میں ایٹمی حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت فی الحال جوہری ہتھیار استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن مستقبل میں حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایٹمی دھماکا کرنے کی 21 ویں سالگرہ کے موقع پر دھماکے کے مقام پوکھران میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم جوہری ہتھیار کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں لیکن مستقبل میں حالات کو دیکھتے ہوئے پالیسی تبدیل بھی کی جا سکتی ہے۔

کسی بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے ایٹمی جنگ کی دھمکی پہلی بار نہیں دی گئی ہے بلکہ اس سے قبل بھی وزیراعظم نریندرا مودی کے ہی سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر نے بھی نومبر 2016 میں 'نو فرسٹ یوز' کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انڈیا کو ایٹمی ہتھیار کے جنگ کے دوران پہلی ترجیح کے طور استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Load Next Story