کراچی فائرنگ کے واقعات میں 4افرادہلاک2زخمی

مچھرکالونی میں کلینک،قائدآبادمیں منشیات کے اڈے پرفائرنگ،اسماعلی جماعت خانے دستی بم حملہ


Staff Reporter September 22, 2013
قائد آباداسپتال چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔۔فوٹو : فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 4افرادہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی میں واقع فلاحی کلینک میں فائرنگ سے 60 سالہ عبدالوہاب کچھی ہلاک اوراس کا بیٹا22 سالہ شہزاد زخمی ہوگیا۔ مقتول لیاری کھڈہ مارکیٹ کا رہائشی ہے۔

قائدآبادریڑھی روڈ مسلم آبادکے اسپتال چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے،جنھیں جناح اسپتال لے جایاجا رہا تھا کہ 2 افراد وقار شاہ اورندیم نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا ۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ بسمہ اﷲ ، 30 سالہ یوسف خان ، 35 سالہ محمد اسلم اور 34 سالہ خان غالب شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ مقام پرحنیف نامی شخص منشیات فروخت کرتا تھا جو کہ کچھ عرصہ قبل بندہوگیا تھا تاہم گلی میں کچھ منشیات فروش اپناکاروبار جاری رکھے ہوئے تھے،منشیات فروشوں سے کالعدم تنظیم کی جانب سے بھتہ طلب کیاگیا تھا اور ہفتے کی شام منشیات فروشوں کوتاکید کی گئی تھی کہ وہ 2گھنٹے کے اندر بھتہ دے دیں تاہم بھتہ ادا نہ کرنے پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار4سے زائد مسلح ملزمان نے گلی گھس کر آکر فائرنگ کردی ۔

جس کی زد میں آکرراہگیر بھی زخمی ہوگئے۔علاقہ مکینوں اور زخمیوں کا کہناہے کہ مذکورہ گلی میں منشیات کااڈہ پولیس کی سرپرستی میں قائم ہے ،پولیس نے دعویٰ ہے کہ فائرنگ کاواقعہ منشیات فروشوں کے 2گروپوں کے درمیان ہواتھا۔گلستان جوہر بلاک 16-A نویدبنگلوز کے قریب نامعلو ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ غلام علی ہلاک ہوگیا ،مقتول پھل فروش اور اس کا آبائی تعلق مظفر گڑھ سے تھا۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر11خلیل مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے26سالہ ہارون زخمی ہو گیا جسے عباسی شہیداسپتال لایا گیا،ہارون کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔



سائٹ اے کے علاقے میٹروول گلزارعبدالحمید کالونی میں قائم اسماعیلی جماعت خانے کی دیوارپر موٹر سائیکل سوارملزمان نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جوپھٹ نہ سکا،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پہنچ کربتایاکہ پھینکے جانے والا دستی بم ناکارہ اوراس میں پین (لیور) نہیں تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ خوف وہراس پھیلانامعلوم ہوتاہے۔ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو نے غفلت ولاپروائی ، ناقص کارکردگی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے کی اطلاعات پر ایس ایچ او سائٹ اے سب انسپکٹرطفیل احمدکومعطل کر کے ایک درجے عہدے میں تنزلی بھی کردی۔ڈیفنس پولیس نے خیابان اتحادمیں اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک آلٹوکارکورکنے کااشارہ کیا ۔

جس پرکارمیں سوار ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے کارباہر نکل آئے اور قریب سے گزرنے والے ایک شخص سے موٹرسائیکل چھین کر فرارہوگئے۔ایس پی سرفراز نوازنے بتایا کہ کار کی تلاشی کے دوران اس میں سے ایک دستی بم برآمدہواجبکہ مذکورہ کار 19 ستمبر کو گلبرگ کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔فیروز آباد پولیس نے اﷲ والی چورنگی طارق روڈ کے قریب کلٹس کار میں سوار شخص جاوید کے قبضے سے ایک ایس ایم جی برآمد کرلی ،پولیس کا کہنا ہے ملزم کا تعلق کس گروہ سے ہے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ۔ کلفٹن پولیس نے بلاک8سے دو ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ بریگیڈ پولیس نے چھاپہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم علی کو گرفتار کرلیا ، ملزم ٹارگٹ کلر ہے اور اس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں