50 ہزار روپے کے رجسٹرڈ بانڈز یکم دسمبر سے متعارف کرانیکا فیصلہ

سال میں دو بار منافع اورخوش قسمت کیلیے پہلا انعام 10 کروڑ روپے ہو گا


APP September 23, 2013
قومی بچت کی تمام برانچز کمپیوٹرائزڈ،اسکیموں کے ریٹس ایک فیصد بڑھاکرریوائز کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

ادارہ قومی بچت نے عوام کی خوشحالی کے لیے رجسٹرڈ سرٹیفکیٹس کی طرز پر یکم دسمبر سے 50ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ انعامی بانڈز متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا جس پر سال میں دو بار منافع بھی دیا جائے گا اورخوش قسمت کے لیے پہلا انعام 10کروڑ روپے ہو گا۔

ادارہ قومی بچت ریجنل ڈائریکٹوریٹ لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقبول حسین قمر نے اے پی پی کو بتایا کہ پرائز بانڈ پر 6سے 8 فیصد کی شرح سے سال میں دو بار منافع دیے جانے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ بانڈ کی افادیت اس لحاظ سے بھی زیادہ ہو گی کہ اس پر ڈبل فائدہ ہوگا ایک توپرائز بانڈ پر سال میں دو بار منافع لگے گا اور منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس ہو گا دوسرا اس میں خوش قسمت کیلیے بذریعہ قرعہ اندازی انعام بھی ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے ملک بھر میں قومی بچت کی مختلف اسکیموں کے ریٹس کو ریوائز کر کے اس میں تقریبا ایک فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔



انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ قومی بچت نے ملک بھر میں قائم اپنی 372برانچز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں108 برانچوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی تمام برانچز کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ادارہ قومی بچت نے عوام میں قومی بچت کی اسکیموں کا رجحان بڑھانے کیلیے 8 مختلف قسم کی اسکیمیں متعارف کروا رکھی ہیں جن میں 10سالہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس،ریگولر انکم سرٹیفکیٹس،بزرگ شہریوں کیلیے بہبود سیونگز سرٹیٖفکیٹس، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس ،پینشنرز کے لیے ماہانہ پینشنر بینیفٹ اکائونٹ،سیونگز اکائونٹ جیسی اسکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ قومی بچت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ انعامی بانڈمحفوظ سرمایہ کاری کا ایک سنہری موقع فراہم کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔