جامعہ اردو داخلہ اورسیمسٹرفیسوں میں15 فیصد اضافہ کردیا گیا

پہلی بار ’’مارننگ اورایوننگ پروگرامز‘‘کے داخلے بیک وقت شروع کرنے کافیصلہ کیا گیا

اگر کوئی امیدوارمارننگ کے ساتھ ہی ایوننگ پروگرام میں داخلے کاخواہشمند ہواتواسے ایک اضافی داخلہ فارم لیناہوگا، اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری۔ فوٹو : فائل

جامعہ اردو کی داخلہ اور سیمسٹر فیسوں میں15فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ''مارننگ اورایوننگ پروگرامز'' کے داخلے بیک وقت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اگر کوئی امیدوارمارننگ ساتھ ہی ایوننگ پروگرام میں داخلے کاخواہش مند ہوا تواسے ایک اضافی داخلہ فارم لیناہوگا، یونیورسٹی میں تعلیمی سیشن جنوری سے شروع ہوگا جبکہ عملی طورپرداخلوں کاآغاز نومبر میں کردیاجائے گا،سائنس کے شعبوں میں این ٹی ایس کے ذریعے داخلہ ٹیسٹ لیے جائیں گے، اردویونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں ان فیصلوں کی منظوری دی گئی، تفصیلات کے مطابق وفاقی اردویونیورسٹی کی انتظامیہ نے پہلی بار''مارننگ اورایوننگ پروگرامز''کے داخلے بیک وقت شروع کرنے کافیصلہ کیاہے، دونوں پروگرامز کے سیشن بھی ایک ساتھ جنوری2014سے شروع کیے جائیں گے۔

یہ یونیورسٹی کی10سالہ تاریخ میں پہلاموقع ہے جب تعلیمی سیشن جنوری سے شروع کیاجارہاہے، اس سے قبل یونیورسٹی میں مارننگ کاتعلیمی سیشن دوماہ کی تاخیرسے مارچ جبکہ ایوننگ پروگرام کاسیشن اپریل میں شروع ہوتاتھا، علاوہ ازیں یونیورسٹی انتظامیہ نے داخلہ اورسیمسٹرفیسوں میں مجموعی طور پر 15 فیصداضافہ کردیاہے، ان فیصلوں کی منظوری اردو یونیورسٹی کے ہفتہ کو اکیڈمک کونسل کے منعقدہ اجلاس میں دی گئی جواردویونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں یونیورسٹی کے حال میں تقررکیے گئے ڈائریکٹرداخلہ کمیٹی محمود پٹھان بھی خصوصی طورپرشریک ہوئے۔




داخلہ کمیٹی کے ڈائریکٹرمحمودپٹھان نے ''ایکسپریس'' کو بتایاکہ یکم جنوری2014سے نیاتعلیمی سیشن شروع کرنے سے قبل31جنوری کواردویونیورسٹی کے تمام شعبوں میں تعارفی کلاسز بھی منعقدہونگی جبکہ عملی طور پر داخلوں کاآغاز نومبر میں کردیاجائے گا اوپن میرٹ کی بنیاد پرکلیہ فنون کے شعبوں کی داخلہ فہرست جاری کردی جائے گی اورسائنس کے شعبوں میں این ٹی ایس کے ذریعے داخلہ ٹیسٹ کرائے جائیں گے، محمود پٹھان نے بتایاکہ یونیورسٹی نے پہلی بارایک ہی داخلہ پراسپیکٹس کے ذریعے ایوننگ اور مارننگ پروگراموں میں طلبا کوداخلہ حاصل کرنے کی سہولت دے جارہی ہے۔

اگرکوئی امیدوارمارننگ پروگرام کے ساتھ ہی ایوننگ پروگرام میں داخلے کی درخواست دینے کا خواہشمند ہواتواسے محض ایک اضافی داخلہ فارم لیناہوگا، محمودپٹھان کاکہناتھاکہ ماضی میں ہرفیکلٹی کاعلیحدہ علیحدہ پراسپیکٹس ہواکرتاتھااورایک سے زائد فیکلٹی میں داخلے کی درخواست دینے والے امیدوارکوکئی کئی پراسپیکٹس خریدنے ہوتے تھے جن کی قیمت375روپے فی پراسپیکٹس تھی تاہم اب ایک ہی پراسپیکٹس پرتمام فیکلیٹیز میں داخلوں کی درخواست دی جاسکے گی، انھوں نے بتایاکہ داخلہ کتابچہ کی قیمت کاتعین ابھی باقی ہے۔
Load Next Story