جوابی ایشزٹور پلیئرز کا انتخاب انگلش سلیکٹرز کا دردسر بن گیا

انگلش سلیکٹرز کو ایک ایسے اسکواڈ کی تشکیل کا چیلنج درپیش ہے جوکہ مسلسل چوتھی ایشز ٹرافی جیت سکے


Sports Desk September 23, 2013
جوابی ایشز سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا۔فوٹو: فائل

جوابی ایشز سیریز کیلیے بیک اپ پلیئرز کا انتخاب انگلش سلیکٹرز کے لیے درد سر بن گیا، ٹم بریسنن کی مشکوک فٹنس تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

بوائیڈ رینکن اور بین اسٹوکس میں کسی ایک کو ٹیسٹ کیپ مل سکتی ہے، اضافی اسپنر کیلیے کئی کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے، میٹ پرائر کا کور اپ بھی ڈھونڈنا مشکل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے جوابی ایشز سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گا، انگلش سلیکٹرز کو ایک ایسے اسکواڈ کی تشکیل کا چیلنج درپیش ہے جوکہ مسلسل چوتھی ایشز ٹرافی جیت سکے، ایسا منفرد اعزاز انگلینڈ نے 19 ویں صدی میں حاصل کیا تھا۔ انگلینڈ نے اپنے ہوم گرائونڈز پر حال ہی میں ایشز سیریز 3-0 سے جیتی جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ہی ون ڈے سیریز میں کپتان الیسٹرکک، ای ین بیل، جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان کو آرام دیا گیا، جس کی وجہ سے میزبان سائیڈکو سیریز میں 1-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔



نومبر میں شیڈول ایشز ٹور کیلیے انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، برسبین میں شیڈول پہلے میچ کی صورت میں کیون پیٹرسن اپنے ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کریں گے۔ سلیکٹرز کیلیے اصل پریشانی کا سبب بیک اپ اسکواڈ کا انتخاب ہے، سب سے بڑا سوال بولنگ آل رائونڈر ٹم بریسنن کی فٹنس کا ہے کہ جوکہ کمر میں اسٹریس فریکچر کی وجہ سے پانچواں ٹیسٹ اور پھر ون ڈے سیریز نہیں کھیل پائے تھے،وہ فور مین اٹیک کی صورت میں تیسرے سیمر کا کردار بخوبی انجام دیتے ہیں، انھوں نے آسٹریلیا میں 2010-11 کی سیریز میں 3-1 سے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ان کی جگہ کیلیے جہاں اسٹیون فن اور کرس ٹریملٹ تیار ہیں وہیں آئرلینڈ کے سابق کھلاڑی بوائیڈ رینکن بھی انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو کا انتظار کررہے ہیں، اسی طرح آل رائونڈر بین اسٹوکس بھی میدان میں موجود ہے۔ سلیکٹرز کیلیے ایک آزمائش اضافی اسپنر کی ہے، گریم سوان کے ساتھ اکثر مونٹی پنیسر کو منتخب کیا جاتا مگر ان کی حالیہ فارم اور ڈسپلنری خلاف ورزیوں کی وجہ سے سمت پٹیل کو طلب کیا جاسکتا ہے، میٹ پرائر کے ساتھ اضافی وکٹ کیپر کیلیے بھی مختلف آپشنز زیر غور ہیں جبکہ اضافی بیٹسمین نک کامپٹن کی طلبی کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں