باڑہ لشکر اسلام کے مرکز میں دھماکا 5 شدت پسند ہلاک بونیر میں امن کمیٹی کا رکن قتل

ملک دین خیل میں ہونے والے دھماکے میںکالعدم تنظیم کا ترجمان، طالبان کمانڈر بھی مارا گیا


دین خیل نالہ میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز پر دھماکا ہوا۔ فوٹو: اے پی پی /فائل

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز میں دھماکے سے تنظیم کے ترجمان سمیت 5 شدت پسند ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق باڑہ کے علاقے ملک دین خیل نالہ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے مرکز پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں لشکر اسلام کے ترجمان یونس خان عرف ابورشید لشکری اور کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر غفران اور ابودردا سمیت 5 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے تنظیم کے مرکز کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ، ہلاک ہونیوالے شدت پسند کوہاٹ روڈ اور ایف آر پشاور میں ہونیوالے دھماکوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ادھر بونیر میں اے این پی کے ضلعی رہنما و امن کمیٹی کے رکن انور خان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔



مقتول کے بیٹے کی رپورٹ کے مطابق انور خان اپنے گائوں بلوخان سے حسب معمول پیر بابا پاچا بازار جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔ مقتول انور خان سینئر صحافی بہروز خان کے بڑے بھائی تھے۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ سیدگئی میں افغانستان سے فائر کئے جانیوالے مارٹر گولے کے حملے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ٹل میں فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ٹل اسکاؤٹس کے 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔ چارسدہ میں پولیس نے گھر کو بارودی مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی۔ جمرود میں مختلف واقعات میں 2خاصہ دار اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں