کوئی حمایت کرے نہ کرے اسلام آباد لاک ڈاون کرنے کی خود صلاحیت رکھتے ہیں فضل الرحمان

پیپلزپارٹی اور ن لیگ اپنے وعدے کے مطابق حمایت کریں تو لاک ڈاون کے لئے تیار ہیں، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک August 19, 2019
حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے بجائے اس سے فرار اختیار کررہی ہے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) اپنے وعدے کے مطابق حمایت کریں تو لاک ڈاون کے لئے تیار ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد لاک ڈاون کے لئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے گارنٹی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتیں اپنے وعدے کے مطابق حمایت کریں تو لاک ڈاون کے لئے تیار ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے دونوں جماعتوں سے وضاحت مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ہماری حمایت نہیں کرسکتا تو واضح کردے، اسلام آباد لاک ڈاون کرنے کی ہم خود صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارے لاک ڈاوٴن میں انسانوں کا ایک ریلا نکلے گا اس کی نوعیت مختلف ہے، ہمارے لوگ عیاشی کے کیے نہیں بلکہ مجاہدین کی طرح آئیں گے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے بجائے اس سے فرار اختیار کررہی ہے، حکومت نے کشمیریوں کے پیٹ میں چھرا گھونپا ہے، کشمیر کی صورتحال پر موجودہ حکمرانوں کو کشمیر فروخت قرار دیتے ہیں، کل تک ہم سوچ رہے تھے کہ سری نگر کیسے حاصل کرنا ہے؟ آج سوچ رہے ہیں مظفرآباد کو کیسے بچانا ہے؟۔

اس موقع پر میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتوں کے مہروں نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنایا، جمہوری قوتوں کو بھی خود احتسابی کی اشد ضرورت ہے، مجھے سچ بولنے پر ہدف تنقید بنایا جارہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں