سندھ کے طبی مراکز کی بہتری کیلیے خصوصی ٹیم بنا نے کا حکم

متعلقہ ادارے عوام کو صحت کی سہولتیں فوری پہنچانے کیلیے کام کریں، وزیر اعلیٰ سندھ


Staff Reporter September 23, 2013
اسپتالوں کیلیے ادویہ اور دیگر سامان کی خریداری کیلیے بھی شفافیت کی ہدایات۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبائی محکمہ صحت کی انتظامیہ اور شعبہ صحت کے ذیلی اداروں کو ڈیگی،ایچ آئی وی، پولیو اور دیگر بیماریوں کی روک تھام اور بچائوکیلیے سرگرم رہنے اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولتیں پہنچانے کیلیے مسیحائی جذبے اور لگن سے کام کرنے کے احکام دیے ہیں۔

انھوں نے یہ احکام اتوار کو محکمہ صحت کے افسران اورتمام ضلعی اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری اور صوبائی سیکریٹری صحت انعام اﷲ دھاریجو نے بھی شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتالوں اور دیگرطبی مراکز کی بہتری کیلیے ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم تشکیل دینے کی بھی کی جوکہ اسپتالوں کااچانک دورہ کرے گی اور ہفتہ وار رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو احکام دیے کہ وہ ادویہ اور اسپتالوں کیلیے دیگر مطلوبہ سامان کی خریداری میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔ اگر قواعد اور ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔



وزیراعلی نے ضلع اور تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتالوں، دیہی اور بنیادی صحت مراکزکیلیے فنڈز مختص کرنیکا فارمولا طے کرنے کیلیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے بھی احکام دیے۔مختلف اسپتالوں میں ناجائز تجاوزات کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے ان تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ تعلیم اور صحت حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان شعبوں کی بہتری اور ترقی کیلیے سالانہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے افسران اہم پوسٹوں پر فائز ہیں اور وہ کام نہیں کر رہے ہیں ، بہترہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں یا پھر دوسروں کو موقع دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں