کراچی ٹارگٹڈ آپریشن جاری بھتہ خوروں سمیت 161 افراد گرفتار

رینجرز اور پولیس کی بغدادی، لیمارکیٹ، کلری، کھڈا مارکیٹ، محمودآباد، لانڈھی، سائٹ اورمختلف علاقوں میں کارروائیاں

گرفتار شدگان میں سنگین مقدمات میں پولیس کومطلوب اور مفرورملزمان بھی شامل،اسلحہ ومنشیات بھی قبضے میں لے لی گئی۔ فوٹوایکسپریس: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہرکے مختلف علاقوں میں چھاپے اورٹارگٹڈآپریشن کے دوران 3 بھتہ خوروں سمیت161 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے اور ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے82ملزمان کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے4ہینڈگرینیڈ، 5ٹی ٹی پستول، ایک رائفل،ایک ریوالور،48 رائونڈ ، 1780 گرام چرس ، شراب کی بوتلیں ،8500 نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی ،ایسٹ زون پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک بھتہ خور،14 اشتہاری ملزمان ،26مفرور اور 17مشکوک ملزمان شامل ہیں،گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے ، سائوتھ زون پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران 23 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک دستی بم ،5 ٹی ٹی پستول ، شراب کی بوتلیں ، منشیات ، 2 مسروقہ کاریں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی، سائوتھ زون پولیس کے مطابق گرفتارملزمان میں11مفرور اور اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں ،بوٹ بیسن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 4سے غلام رسول کو گرفتار کر لیا گیا،گرفتار ملزم متعددمقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

سائٹ اے پولیس نے میٹروویل کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس اہلکارفہدیونس کو گرفتار کر کے اس قبضے پولیس کی وردی اور جعلی کارڈ برآمد کر لیا،بغدادی اورکلری پولیس نے موسیٰ لین،کھڈا مارکیٹ ، نیا آباد اور لیمارکیٹ کے علاقے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے2 مبینہ بھتہ خور اصغر اورحنیف سمیت قتل کے مقدمے میں مفرور ملزم فیصل کو گرفتار کر کے2 ٹی ٹی پستول ، 6موبائل ،فون، بھتے کی رقم برآمد کر لی ہے، شرافی گوٹھ پولیس نے لانڈھی چراغ ہوٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے صبانامی لڑکی کو بازیاب کرا کر عمر گل نامی شخص کو گرفتار کر لیا،پولیس نے مچھرکالونی صدام چوک کے قریب گھر گھرتلاش کے دوران پولیس نے15جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔ادھر رینجرزنے نارتھ کراچی ، جوڑیا بازار،گرین ٹائون ، اورنگی ٹائون ، ایف سی ایریا ، لانڈھی نمبر پانچ ، آنسو گوٹھ ، بسم اللہ ٹیرس،سپر ہائی وے جمع گوٹھ،رامسوامی،ابوالحسن اصفہانی روڈ ،حبیب بینک چورنگی پارسی گیٹ ، محمود آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے27 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے ہتھیاربرآمد کر لیے۔




ترجمان سندھ پولیس نے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 84 چھاپہ مار کارروائیوں میں134جرائم پشہ عناصر کو گرفتار کر کے5 ہینڈگرینیڈ اور44 اقسام کے ہتھیار برآمد کر لیے ، گرفتار ملزمان میں ایک بھتہ خور، 3 اغوا کار، 55 مفرور ملزمان ، 24اشتہاری ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 16 اور منشیات کے الزام میں 11ملزمان شامل ہیں۔ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اودھو نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ویسٹ زون پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث لیاری گینگ وار کے 4 ملزمان کے علاوہ بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث بہن بھائی سمیت 9ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ویسٹ زون پولیس نے تھانہ موچکو کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 4 بھتہ خور ٹارگٹ کلرز غلام علی عرف گلا، محمد ہارون ، مظہر اور ذوہیب کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

بھتہ خور اور ٹارگٹ کلر غلام علی بھتہ خوری کی40 وارداتوں اور ٹارگٹ کلنگ کے 4 مقدمات میں مطلوب تھا ، گرفتار بھتہ خور ٹارگٹ کلرمحمد ہارون اورمظہربھتہ خوری کی ایک درجن سے زائد وارداتوں اور قتل کی ایک ایک واردات میں ملوث ہیں جبکہ چوتھا گرفتار ملزم ذوہیب بھتہ خوری کی30 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے ،گرفتار ملزم غلام علی نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ جنوری میں اس نے اپنے دیگر ساتھیوں جبار اور حنیف کے ساتھ مل کر مخالف گروپ کے لڑکے کو اغوا کر کے10لاکھ بھتہ نہ دینے گولیاں ماردی تھیں اور لاش کے ٹکڑے کر کے گندے نالے میں پھینک دیے تھے ،ایک اور واردات میں گرفتار ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کچھی برادری سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں کو بھی قتل کیا تھا،گرفتار ٹارگٹ کلر غلام نے اگست میں اپنے ساتھیوں ذوہیب،حنیف،ہارون اوراظہر کے ساتھ مل کر ایک لوڈ ٹرک کو اٹک پٹرول پمپ کے قریب چھینے کی کوشش کی تھی اور مزاحمت کرنے ٹرک کے ڈرائیور کو قتل کردیا تھا،گرفتار ملزم نے سائٹ ایریا میں ایک گودام کے سیکیورٹی گارڈ کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا اور اس کی موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے تھے ۔

ڈی آئی ویسٹ نے بتایا کہ پولیس نے سعید آباد تھانے کی حدود سے ملزمہ فوزیہ اور اس کے بھائی اکرام شاہ کو بھی گرفتارکیاہے ، گرفتار بہن بھائی بھتہ خوری کی متعددوارداتوں میں ملوث ہیں۔انھوں نے بتایا کہ سائٹ اے پولیس نے ہفتے کو جماعت خانے کے قریب کیے جانے والے دستی بم سے حملے میں ملوث ملزم غضنفر علی کو گرفتار کرکے ایک دستی بم اور پسٹل برآمد کرلی ہے، پاپوش نگر تھانے کی حدود سے 4 ملزمان غلام مصطفیٰ ،فدا حسین ، منظورڈنو ، رمیز کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزمان اغوا اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ پاکستان بازار پولیس نے3 ملزمان بابرمحمود،منظور حسین اور محمد حمیدعرف مراد کو گرفتار کر کے3 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی،گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
Load Next Story