مطلوب افراد کا بیرون ملک فرار روکنے کا انتظام نہیں کیا گیا

چیف سیکریٹری سندھ نے عدالت میں بتایا تھا کہ مجرم ملک سے بھاگ سکتے ہیں۔


Adil Jawad September 23, 2013
چیف سیکریٹری سندھ نے عدالت میں بتایا تھا کہ مجرم ملک سے بھاگ سکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد جرائم پیشہ اور مطلوب افراد کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلیے ایف آئی اے امیگریشن سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔

امیگریشن حکام کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں موجود افراد کے علاوہ کسی بھی شہری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا اختیار نہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے دو روز قبل کراچی میں بد امنی کیس کی سماعت کے موقع پر ایک رپورٹ جمع کرائی گئی تھی جس میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کی تفصیلات جمع کرائی گئی تھیں اور اس سلسلے میں کراچی میں جاری آپریشن کے دوران گرفتار اور حراست میں لیے جانے والے افراد اور پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والے جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں پیش کی گئی تھیں۔



چیف سیکریٹری سندھ نے اپنی رپورٹ میں سپریم کورٹ کو یہ بھی بتایا تھا کہ آپریشن شروع ہونے کے بعد یہ اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ جرائم پیشہ افراد تیزی سے ملک کے دیگرصوبوں اور بیرون ملک فرار کی کوشش کررہے ہیں اور ان اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آئی اے کے اعلی حکام کو اس سلسلے میں ہائی الرٹ کیاگیا ہے اور ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ایک میکینزم تیار کریں تاکہ جرائم پیشہ افراد کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکا جاسکے، تاہم اس سلسلے میں ایف آئی اے امیگریشن کو تاحال باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ امیگریشن قوانین کے مطابق وہ صرف ایسے افراد کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا اختیار رکھتے ہیں جن کے نام وزارت داخلہ کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہوں۔

اس کے علاوہ امیگریشن حکام قانونی سفری دستاویزات کے حامل کسی بھی شہری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ رابطہ کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن کراچی جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ کراچی آپریشنکی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلیے انھیں باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ صرف کراچی ایئرپورٹ سے روزانہ 5 ہزار سے زائد افراد کی بیرون ملک آمدورفت ہوتی ہے اور ایف آئی اے امیگریشن کیلیے یہ ممکن نہیں ہوتا ہے کہ وہ ایسی مبہم معلومات کی بنیاد پر مبینہ جرائم پیشہ افراد کی بیرون ملک روانگی کو یقینی طور پر روک سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں