دہشت گردوں کے ساتھ امن مذاکرات خطرے میں پڑگئے بلاول

وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر اقدامات کریں،بلاول بھٹو


Staff Reporter September 23, 2013
سانحہ میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے،سرپرست اعلیٰ پیپلزپارٹی۔فوٹو: فائل

KANDAHAR: پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں گرجا گھر پر حملے ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

نوڈیرو ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام امن وآشتی کا پیغام دیتا ہے اور تمام مذاہب میں انسانیت کے احترام کا درس دیا گیا ہے۔ تمام مذاہب دہشت گردی کی مذمت کرتے اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ حملے سے ایک بار پھر دہشت گردوں کے ساتھ امن مذاکرات خطرے میں پڑ گئے ہیں تاہم وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر اقدامات کریں۔

انھوں نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ سانحہ پشاور میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے فوری رابطے کریں، متاثرہ علاقے کا دورہ کیا جائے اور پارٹی کی جانب سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میںپیپلز پارٹی ، بھٹو خاندان اور پاکستانی قوم مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی پشاور میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ ہونیو الے گرجا گھر کی تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے اور تمام گرجا گھروں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔