مقبوضہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے فردوس عاشق

آزادی کی صبح تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی، معاون خصوصی

حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے، فردوس عاشق فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے میں امن کے لئے صدر ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے میں امن کے لئے صدر ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جس پُرزور طریقے سے دنیا میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، قوم کو اس پر فخر ہے۔ عالمی برادری یکطرفہ بھارتی اقدامات اور کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تشویش کا اظہار کررہی ہے۔


فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے بھارتی دعوے کی نفی ہوئی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ بھارت یکطرفہ اقدامات سے حقائق تبدیل کر سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی ناانصافیوں اور کشمیریوں پر ظلم کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کرتے رہیں گے۔ ہر فورم پر بھارت کو اس کے ظلم و بربریت کا آئینہ دکھائیں گے۔ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے۔ آزادی کی صبح تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔
Load Next Story