حسن کارکردگی ایوارڈ کئی سال پہلے مل جانا چاہئے تھا غلام محی الدین

اداکار کے لئے اُس کے مداحوں کی محبت اور عزت ہی حقیقی ایوارڈ ہوتا ہے، غلام محی الدین


ویب ڈیسک August 21, 2019
اداکار کے لئے اُس کے مداحوں کی محبت اور عزت ہی حقیقی ایوارڈ ہوتا ہے، غلام محی الدین۔ فوٹو: فائل

لیجنڈ اداکار غلام محی الدین کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ حکومت نے مجھے حسن کار کردگی کا ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا تاہم یہ ایوارڈ مجھے کئی سال پہلے مل جانا چاہئے تھا۔

فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار غلام محی الدین نے ایکسپریس ٹریبیون سے خصوصی گفتگو میں حکومت کی جانب سے حسن کار کردگی کا ایوارڈ دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لالی ووڈ کے لئے 43 سال خدمات انجام دینے کے بعد حکومت نے مجھے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکار نے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لئے اُس کے مداحوں کی محبت اور عزت ہی حقیقی ایوارڈ ہوتا ہے تاہم یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ حکومت مجھے اس ایوارڈ سے نواز رہی ہے جوکہ میرا حق ہے لیکن حسن کار کردگی کا یہ ایوارڈ مجھے کئی سال پہلے مل جانا چاہئے تھا۔

غلام محی الدین کا کہنا تھا کہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ لالی ووڈ نے کتنے اتار چڑھاؤ کے بعد خود کو مستحکم کیا ہے اور اس بات کی بے حد خوشی بھی ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری اپنا کھویا مقام واپس پا رہی ہے اور مستقبل میں ہماری یہ انڈسٹری مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔

غلام محی الدین نے اپنا فلمی کیریئر 70 کی دہائی میں فلم 'میرا نام ہے محبت' سے شروع کیا جوکہ باکس آفس پر سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ جس کے بعد انہوں نے یکے بعد دیگر کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں