بھٹ شاہ اسکولوں پر ڈپٹی کمشنر کے چھاپے غیر حاضر8اساتذہ معطل

ڈی سی مٹیاری نے سعید آباد ٹاؤن آفس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شہر کے مسائل کا جائزہ لیا۔


Nama Nigar September 24, 2013
ڈی سی نے اسکولوں کے دورے کے موقع پر اساتذہ کے حاضری رجسٹرز چیک کیے ۔فوٹو: ایکسپریس/ فائل

KARACHI: ڈپٹی کمشنر مٹیاری فیاض حسین عباسی نے ڈی او ایجوکیشن کو مختلف اسکولوں میں غیر حاضر رہنے والے8 اساتذہ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکام جاری کر دیے۔

سعید آباد میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، گورنمنٹ پرائمری اسکول بوائز اورگرلز اسکولوں کے دورے میں انھوں نے اساتذہ کے حاضری رجسٹرز چیک کیے اور غیر حاضری پر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی ٹیچر اور بوائز پرائمری اسکول کے 7 اساتذہ کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا اساتذہ پر قوم کا مستقبل سنوارنے کی ذمے داری ہے اور ان کی غیر حاضری سے نئی نسل کا بڑا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا تعلیم کے فروغ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جائے گا۔ ڈی سی مٹیاری نے سعید آباد ٹاؤن آفس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شہر کے مسائل کا جائزہ لیا۔



اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر امام بخش کاکا، ٹاؤن آفیسرز لیاقت علی بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ ڈی سی نے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں جاری ہفتہ صفائی مہم کے دوران تمام راستوں، گلیوں اور علاقوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، ہفتہ صفائی کے بعد بھی اسی جذبے کے ساتھ شہر کی صفائی کا خیال رکھا جائے، اس سلسلے میںکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیاض حسین عباسی نے اجلاس کے دوران ٹاؤن آفیسر سعید آباد لیاقت علی بھٹی کو ہدایت کی کہ شہر کی سرکاری لائبریری کی مرمت کا کام جلد مکمل کراکے اسے فعال کیا جائے، لائبریری کے لیے فرنیچر، کتب اور کمپیوٹرز ضلع انتظامیہ مٹیاری فراہم کرے گی۔ بعد ازاں ڈی سی نے سعید آباد میں تعلقہ اسپتال اور نئی تعمیر سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں