ڈاکوؤں نے4 ٹرک لوٹ لیے فائرنگ سے ڈرائیور زخمی

وارداتوں کیخلاف ڈرائیور سراپا احتجاج، دھرنا دے کر سپر ہائی وے اور انڈس ہائی وے بلاک کر دیں


Nama Nigar September 24, 2013
ملزمان ڈرائیور کلینر سمیت 4 افراد کو یرغمال بنا کر سامان لے کر فرار ہوگئے۔فوٹو : فائل

ZURICH: 2 مختلف وارداتوں میں 4 ٹرکوں سے مال لوٹ لیا گیا، فائرنگ سے ڈرائیور زخمی، سپر ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر ڈرائیوروں کا دھرنا، ٹریفک معطل کر دی۔

ڈرائیورز گرفتار، پولیس نے 2 ٹرکوں کا مال واپس دلا دیا، ایس ایچ او کو معطل۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب 8 نامعلوم مسلح افراد نے 2 ٹرکوں پر فائرنگ کرکے انہیں رکنے پر مجبور کر دیا، ملزمان نے ڈرائیور گل حسن، کلینر سمیت 4 افراد کو یرغمال بنا کر ٹرکوں میں لدا سامان اتار کر اپنے ہمراہ لائی گاڑی میں بھرکر فرار ہو گئے، واردات کیخلاف ڈرائیور نے ٹرک کھڑے کر کے سپر ہائی وے بلاک کر دی اور احتجاج شروع کر دیا ، جامشورو پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی اور انہیں تھانے لے آئی ۔

جہاں پر پولیس نے6 ڈرائیوروں کو لاک اپ کر دیا ، ڈرائیور گل حسن کا کہنا تھا کہ مال بھی ہمارا لوٹا گیا ہے اور گرفتاری بھی ہمیں کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واردات میں ٹرک ڈرائیور بھی ملوث ہیں، تفتیش کے بعد گرفتار 6 ڈرائیورز درویش، راجا لاشاری، اصغر، اسلم سمیت دیگر کو چھوڑ دیا جائے گا۔



واقعہ کا ایس ایس پی جامشورو وصی حیدر نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایس ایچ او لونی کوٹ قادر بخش خاصخیلی کو معطل کر دیا۔ دوسری واردات کوٹری پھاٹک کے قریب ہوئی جہاںمسلح افراد نے 2 ٹرکوں سے چاول کی 28 بوریاں لوٹ لیں، چاول سائٹ کوٹری سے کراچی جا رہا تھا۔

جس پر ڈرائیور عبدالجبار، میر علی، رحیم بخش نے کوٹری پھاٹک پر دھرنا دیا اور انڈس ہائی وے بلاک کردی۔ جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، بعد ازاں ایس ایچ او سائٹ قربان عقلانی نے ڈرائیور کو چاول واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وہیں کھڑے کھڑے موبائل فون پر نامعلوم افراد کو چاول کی بوریاں واپس لانے کا حکم دیا اور آدھے گھنٹے بعد مسروقہ سامان ڈرائیور کو واپس کر دیا گیا۔ کوٹری سائٹ اور سٹی میں دن دھاڈے لوٹ مار کی وارداتیں عام ہیں اور شہری پریشانی کا شکار ہیں لیکن پولیس کوئی موثر اقدام کرنے کو تیار نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں