پاکستانی بورڈ نے اسد رؤف کرپشن کیس سے دامن چھڑا لیا

ممبئی پولیس کے سامنے پیش کرنے سے معذوری کا اظہار،ملک میں بیان لینا ممکن ہے،وکیل


Sports Reporter September 24, 2013
ریٹائرڈ امپائر کے معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں بنتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے اسد رؤف کرپشن کیس سے دامن چھڑا لیا، انھیں ممبئی پولیس کے سامنے پیش کرنے کے معاملے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہاکہ ریٹائرڈ امپائر کے معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں بنتا۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میچ فکسنگ اسکینڈل میں ممبئی پولیس کی جاری کردہ چارج شیٹ میں اسد رؤف کا نام بھی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل ہے، انھیں پوچھ گچھ کیلیے بلانے کی باتیں بھی کی جارہی ہیں، اس حوالے سے بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ملزمان کی پیشی کے حوالے سے کوئی معاہدہ موجود نہیں، ویسے بھی یہ ایک ریٹائرڈ امپائر، ممبئی پولیس، آئی پی ایل اور آئی سی سی کا معاملہ ہے جس سے پی سی بی کو کوئی سروکار نہیں، ہمارے دائرہ اختیار میں ہی نہیں آتا کہ اسد رؤف کو تفتیش کیلیے جانے کیلیے قائل یا اس سلسلے میں کوئی معاونت فراہم کریں۔



انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایک حل ہوسکتا ہے کہ تفتیش آگے بڑھانے کیلیے ان کا بیان پاکستان میں ہی ریکارڈ کرلیا جائے۔تفضل رضوی نے کہا کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کسی شخص کو تحقیقات کیلیے طلب کیا جائے تو اسے پیش ہونا ہی پڑتا ہے۔ دوسری طرف اسد رؤف کی طرف سے بے گناہی پر اصرار جاری ہے، انھوں نے کہاکہ میرے اکاؤنٹس چیک کیے جاسکتے ہیں، میچز سے متعلق کسی قسم کی معلومات فراہم کرنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، میں نے اپنے وکلا سے مشاورت کر لی ہے، اگر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے کسی وضاحت کیلیے بلایا تو ضرور جاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔