جونیئر ہاکی پاکستان نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کر دیا

2بار خسارے میں جانے کے بعد شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 6-2سے فتح پائی


Sports Desk September 24, 2013
بدھ کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہوگا۔۔فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 6-2سے آئوٹ کلاس کرکے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے 2بار خسارے میں جانے کے بعد شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فتح پائی، محمد توثیق اور محمد دلبر نے 2،2گول کیے، ایوب علی اور محمد سلمان نے ایک، ایک بار حریف کے دفاع میں شگاف ڈالا، انگلش ٹیم 9پنالٹی کارنرز میں سے صرف ایک کو کار آمد بنا سکی، بدھ کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہوگا۔ پیر کو دیگر میچز میں بھارتی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 3-2 سے شکست دی، ملائیشیا نے کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں5-1 سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں جاری سلطان آف جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو پچھاڑ کر پیش قدمی جاری رکھی،اتوار کو گرین شرٹس نے کوریا کو 3-0 سے روندا تھا۔ پیر کو دوسرے میچ میں انگلینڈ نے 5 ویں منٹ بعد ہی رچرڈ گیل کی انفرادی کوشش سے برتری حاصل کر لی۔

ان کی زور دار ہٹ پر گیند دفاعی کھلاڑیوں کو حیران و پریشان کرتے ہوئے گول پوسٹ میں چلی گئی، بعد ازاں پاکستان نے گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا،اس کا صلہ پنالٹی کارنر کی صورت میں ملا جسے محمد توثیق نے کارآمد بناتے ہوئے 10 ویں منٹ میں اسکور 1-1 کر دیا، انگلینڈ کی طرف سے لیوک ٹیلر نے بھی اسی انداز میں پاکستانی دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلانے میں زیادہ دیر نہیں لگائی، گرین شرٹس نے زیادہ منظم انداز میں کھیلتے ہوئے نہ صرف دفاع بہتر بنایا بلکہ فارورڈز نے بھی مسلسل کئی حملوں سے حریف کو پریشان کیا،محمد توثیق نے پنالٹی کارنر پر گول کے ذریعے مقابلہ 2-2 سے برابر کیا، پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل محمد کاشف کی ریورس فلک پر محمد دلبر نے گیند گول پوسٹ میں پھینک کر پاکستان کو برتری دلا دی۔



انگلینڈ کے پلیئرز نے عین وقت پر وقفے کے بجائے گول کی وسل بجانے پر شدید احتجاج بھی کیا جو کسی کام نہ آیا۔ دوسرے ہاف میں میچ کے 49 ویں منٹ میں فلپ روپر نے گیند کو اچھال کر مقابلہ برابر کرنے کا سنہری موقع گنوایا، تھوڑی دیر بعد ہی قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا، گیند ایوب علی کے جسم سے ٹکرانے کے باوجود امپائر نے فائول نہ دیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انھوں نے اسکور 4-2 کر دیا، گرین شرٹس نے حریف پر دبائو بڑھایا جس کے نتیجے میں میچ کے 62 ویں منٹ میں محمد سلمان نے گول کر دیا، کھیل ختم ہونے سے قبل آخری منٹ میں محمد دلبر نے ایک بار پھر انگلینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج دیتے ہوئے مقابلہ6-2 کر دیا، ناکام ٹیم نے 9 پنالٹی کارنرز میں سے صرف ایک پر گول کیا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کوچ منظور الحسن نے کہا کہ خسارے میں جانے کے باوجود یقین تھا کہ ہمارے کھلاڑی صلاحیت کے مطابق کھیلتے ہوئے میچ میں واپس آئیں گے، فارورڈز کی طرف سے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے۔ دوسری طرف مسلسل دوسرا میچ ہارنے والی انگلش ٹیم کے کوچ جوناتھن بلیبی کا کہنا ہے کہ ہم سیکھنے کے مراحل میں ہیں، پاکستان کے مضبوط دفاع کے باوجود 9 پنالٹی کارنرز کا حصول ہمارے جارحانہ کھیل کی دلیل ہے،افسوس کہ مواقع ملنے کے باوجود زیادہ گول نہ کر سکے۔دوسرے میچ میں بھارت نے سخت مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 2کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی۔

ارجنٹائن نے پہلاگول16ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر کیا لیکن 23ویں منٹ میں بھارتی عفان یوسف نے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔42 ویں منٹ میں گول کر کے ارجنٹائن کی ٹیم ایک بار پھر حریف پر سبقت لے جانے میں کامیاب ہو گئی تاہم 60یں منٹ میں بھارت نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، جب کھیل ختم ہونے میں صرف2منٹ باقی تھے تو رامن دیپ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

گزشتہ روز تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا نے کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں 5-1 سے شکست دی۔منگل کو آرام کے دن کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا کوئی میچ نہیں ہوگا، بدھ کے روز پہلا مقابلہ ارجنٹائن اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان شیڈول ہے، دوسرے میچ میں انگلینڈ اور میزبان ملائیشیاکی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کو ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا عزم لے کر میدان میں اترے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔