ملائیشین فٹبال میں میچ فکسنگ اسکینڈل نے ہلچل مچا دی

کلب نے جان بوجھ کرخراب کھیلنے کے شبے میں کوچز اور آفیشلزکومعطل کردیا


AFP/Sports Desk September 24, 2013
اندورنی تحقیقات کی رپورٹ مکمل کرکے مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔فوٹو: فائل

ملائیشین فٹبال میں میچ فکسنگ اسکینڈل نے ہلچل مچا دی، ریاستی کلب پیراک نے جان بوجھ کر خراب کھیل پیش کرنے کے شبے میں تمام کوچز اور آفیشلز کو 2ہفتے کیلیے معطل کردیا۔

اس دوران اندورنی تحقیقات کی رپورٹ مکمل کرکے مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کو پیش کی جائے گی، حکام پولیس اور اینٹی کرپشن ادارے کو بھی واقعے کی رپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملائیشین فٹبال حکام نے معطلی کا انتہائی اقدام ٹیم کی لگاتار بڑی ناکامیوں کے بعد اٹھایا، مذکورہ کلب ملائیشین سپر لیگ کے ٹاپ ٹائر میں ریاست پیراک کی نمائندگی کرتا ہے،اس کے حوالے سے مشتبہ خبریں زیرگردش تھی، نیشنل نیوز ایجنسی بیرناما کے مطابق پیراک میں ریاستی فٹبال حکام ٹیم کی حالیہ ناقص پرفارمنس پر پولیس اور اینٹی کرپشن حکام کو رپورٹ کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔



ڈپٹی صدر خیرالازوان ہارون نے کہاکہ پیراک فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے طور پر تحقیقات کا عمل شروع کردیا، 2ہفتوں میں اس حوالے سے اندورنی طور پر تحقیقات کی رپورٹ پی اے ایف اے کی مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی کو پیش کردی جائے گی، اس عرصے میں تمام کوچز اور آفیشلز روزانہ کی بنیاد پر ایسوسی ایشن کو رپورٹ کرنے کے پابند ہوں گے، پلیئرز کو بھی ٹریننگ جاری رکھتے ہوئے تحقیقات میں دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔فٹبال کے دیوانے ملک ملائیشیا میں1994 میں بھی ملکی سطح پر کھیل میں کرپشن کا اسکینڈل منظر عام پر آیا تھا،اس میں21 کوچز اور پلیئرزکو برطرف کرتے ہوئے58 کو معطل بھی کیاگیا تھا، اسی طرح گذشتہ برس فٹبال ایسوسی ایشن آف ملائیشیا نے18 یوتھ پلیئرز پر میچ فکسنگ کے الزامات پر پابندیاں عائد کیں جبکہ کوچ کو تاحیات پابندی کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔