انڈر16فٹبال میں شرکت تمام غیر ملکی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

پی ایف ایف اور پنجاب اسپورٹس آفیشلز نے ایئرپورٹ پر ایرانی ٹیم کا والہانہ استقبال کیا


Sports Reporter September 24, 2013
یو اے ای کی سائیڈ پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے۔فوٹو:فائل

اے ایف سی انڈر 16 کوالیفائرز فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کیلیے تمام غیر ملکی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔

ایونٹ کاآغاز بدھ سے پنجاب اسٹیڈیم میں ہوگا،ایران اور سری لنکا کی ٹیمیں گذشتہ روز پہنچیں، یو اے ای کی سائیڈ پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے، پی ایف ایف کے عہدیدار خواجہ نوید حیدر اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کے آفیشلز نے پیر کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی ٹیم کا والہانہ استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے،مہمانوں کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا،کوچ مصطفی نے کہاکہ پاکستان برادر ملک اور ہمارے اس کے ساتھ پرانے دوستانہ تعلقات ہیں، ہمیں لاہورآکر بہت خوشی محسوس ہوئی۔



ہماری ٹیم6 ماہ سے اس ٹورنامنٹ کیلیے پریکٹس کررہی اورامید ہے کہ بہترین پرفارم کرے گی، ٹورنامنٹ سے پلیئرزکو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر سری لنکا، یو اے ای اور ایران کی ٹیمیں یہاں آسکتی ہیں تو دنیا کی دیگر سائیڈزکو بھی دورے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

دریں اثنا پنجاب اسٹیڈیم میں ایونٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ خواجہ نوید حیدر نے اس حوالے سے کہا کہ لاہور میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پی ایف ایف، صوبائی وزیر رانا مشہود اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی عثمان انور کے شکر گزار ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت مستقبل میں بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلیے اسی طرح تعاون کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہاکہ اے ایف سی کوالیفائر ٹورنامنٹ میں تین غیر ملکی ٹیموں کی شرکت پی ایف ایف کیلیے باعث فخر اور امید ہے کہ دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔