بلدیاتی الیکشن سندھ27نومبر پنجاب نے14دسمبر کی تاریخ دیدی تاخیر پر عدالت برہم

بلوچستان حکومت کی ٹائم فریم دینے سے معذرت،اسلام آبادمیں قانون سازی رواں ماہ کے آخرتک مکمل کرلی جائے گی،وفاقی حکومت


Numainda Express September 24, 2013
لگتا ہے کہ گھوڑے یا خچر کو آئین پر عمل کرنے کیلیے لارہے ہیں،عدالت عظمیٰ،فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے بلدیاتی الیکشن کے انعقادمیںجان بوجھ کرتاخیری حربے استعمال کرنے پرسخت برہمی کااظہارکیاہے اورآبزرویشن دی ہے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں اپنی آئینی ذمے داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

پیر کوکنٹونمنٹ بورڈاورلوکل باڈیزالیکشن کے بارے میں مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس جوادایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ صوبوں کی جانب سے الیکشن کی تاریخ دینے میں ٹال مٹول کامظاہرہ کیاجارہاہے۔ اگروہ آئین پرعمل نہیں کرتیں توان کیخلاف آئین کی پامالی کی پاداش میں کاروائی کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کراناآئینی ضرورت ہے، اگرحکومتیں ایسا نہیں کرناچاہتیں توسب ملکرآئین سے الیکشن کے انعقادسے متعلق شق 140Aنکال دیں تاکہ سارا جھگڑا ہی ختم ہوجائے۔جسٹس جوادایس خواجہ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے کنٹونمنٹ بورڈزمیں بلدیاتی الیکشن کیلیے وفاقی حکومت کونومبرکے آخری ہفتے تک کی مہلت دے دی ہے جبکہ سندھ کو27 نومبرکوالیکشن کے انعقادکاحکم دیاہے۔

عدالت نے خیبرپختونخواحکومت سے آج بلدیاتی الیکشن کے انعقادکے بارے حتمی تاریخ مانگی ہے جبکہ پنجاب حکومت کوتحریری بیان جمع کرنے کا حکم دیا گیاہے۔پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ انتخابات14 دسمبرکوکرائے جائیں گے جبکہ بلوچستان حکومت نے کابینہ مکمل نہ ہونے کے باعث تاریخ دینے سے معذوری کااظہار کیا ہے ۔ عدالت نے بلوچستان حکومت کاموقف مستردکیااورآج (منگل کو) جواب جمع کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں الیکشن سے متعلق لوکل گورنمنٹ الیکشن آرڈیننس 2002 کا نوٹیفکیشن طلب کرلیا۔جسٹس جوادایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ لگتاہے کہ ہم غیرتربیت یافتہ گھوڑے یاخچرکوکھینچ کرآئین پرعمل کرنے کیلیے لارہے ہیں۔



فاضل جج نے کہا کہ بلوچستان میں کابینہ عدالت نے تشکیل نہیں دینی ،اتحادی حکومت جنہوں نے بنائی ہے کابینہ بھی وہ بنائیں۔اٹارنی جنرل منیراے ملک کاکہناتھاکہ کنٹونمنٹ بورڈزمیں الیکشن کیلیے موجودہ قوانین میںت رمیم کرناہوگی۔ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعدوہ ان سے ملاقات کرکے کہیں گے کہ کمیٹی کوکام تیزکرنے کی ہدایت کی جائے۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کوزبانی طورپربتایاکہ پنجاب حکومت صوبے میں14 دسمبرکوبلدیاتی انتخابات کرائے گی،جس پرعدالت نے ان سے آج منگل کوتحریری یقین دہانی طلب کرلی۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بیان داخل کرتے ہوئے بتایاکہ حائل مشکلات دورہونے کی صورت میں27نومبرکوالیکشن کرادیے جائینگے جس پرعدالت نے یہ بیان مستردکردیا اور آبزرویشن دی کہ بیان میں اگرمگرنہیں ہوناچاہیے، واضح تاریخ دی جائے۔جسٹس جوادنے کہا کہ اس سے بہتر بیان توسندھ حکومت نے 18ستمبرکوداخل کرایاتھاجس میں27 نومبرکی واضح تاریخ دی گئی تھی۔ اس پرایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہاکہ عدالت اسے ہی حتمی بیان کے طورپر ریکارڈ کرلے جس پرعدالت نے ایساہی کیااورسندھ حکومت کواس کے بیان کے مطابق 27نومبرکوالیکشن کرانے کا حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں