ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ 2 افراد جاں بحق

پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور ان کی تعداد 8 تھی

واقعے کے بعد پہاڑی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے فوٹو: فائل

QUETTA:
درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دہشت گردوں نے درازندہ موڑ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر مختلف سمتوں سے حملہ کیا۔


پولیس کی بھر پور جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں قریب واقع پیٹرول پمپ کا نجی سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 2 ملازم سمیع اور پیر محمد جب کہ مسافر کوچ کا کنڈکٹر بنگلو خان زخمی ہوگئے۔ جاں بحق گارڈ کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سمیع زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جب کہ پیر محمد اور بنگلو خان زیر علاج ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس چیک پر حملے کے لیے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور ان کی تعداد 8 تھی۔ واقعے کے بعد سب ڈویژن درازندہ میں ناکہ بندی کر دی ہے جب کہ پہاڑی راستوں پر بھی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
Load Next Story